چیف الیکشن کمشنر پرالزامات؛ اعظم سواتی کو جواب دینے کیلیے 15 روز کی مہلت

ویب ڈیسک  منگل 26 اکتوبر 2021
قانون سب کے لیے برابر ہے، اعظم سواتی فوٹو: فائل

قانون سب کے لیے برابر ہے، اعظم سواتی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پرالزامات پر شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن ممبران شاہ محمد جتوئی اور نثار درانی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر اعظم سواتی کے الزامات کے معاملے پر سماعت کی۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی ذاتی طور پر پیش ہوئے۔

وفاقی وزیر اعظم سواتی کے معاون وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ بیرسٹر علی ظفر اسلام آباد میں موجود نہیں، وہ اعظم سواتی کی جانب سے جواب داخل کریں گے، شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے ایک مہینے کا وقت دیا جائے، الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ ایک مہینہ بہت زیادہ ہے، 15 دن کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیں، الیکشن کمیشن نے سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا کہ خوشی ہے کہ میں کسی چوری یا ڈاکے کے الزام میں پیش نہیں ہورہا، قانون سب کے لیے برابر ہے، الیکشن کمیشن کی پاسداری کے لیے یہاں پیش ہوا ہوں، میری پیشی سے الیکشن کمیشن کا وقار مضبوط ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے مہلت مانگنے کی استدعا مسترد کردی تھی اور شوکاز نوٹس جاری کرکے انہیں ذاتی طور پر خود پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔