افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 26 اکتوبر 2021
وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے افغانستان کی تازہ صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے افغانستان کی تازہ صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کی صد سالا تقریبات پر مبارکباد دی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 4 دہائیوں کے دوران چین سے غربت کے خاتمے اور اصلاحات کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی، ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور اور شرکت داری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے خلاف چین کے اقدامات کی تعریف کی اور چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے لئے انسداد کورونا امداد کو سراہا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جب کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل سےمتعلق بھی خصوصی بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے سی پیک کے اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت کی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی۔

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلیے چینی اقدام کو سراہا جب کہ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔