کراچی میں گرین بیلٹ پر کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن اور تمام گھر گرانے کا حکم

کورٹ رپورٹر  منگل 26 اکتوبر 2021
سپریم کورٹ نے بلاک 6 کے رفاعی پلاٹ پر پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔

سپریم کورٹ نے بلاک 6 کے رفاعی پلاٹ پر پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔

 کراچی: سپریم کورٹ نے گرین بیلٹ پر قبضے سے متعلق بڑا فیصلہ سناتے ہوئے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کی گرین بیلٹ مکمل کلیئر کرانے اور وہاں تعمیر تمام گھر بھی گرانے کا حکم دیدیا۔  عدالت نے ریمارکس دیے کے الیکٹرک پرائیوٹ کاروبار کررہی ہے جگہ کہیں اور لے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ کے روبرو پی ای سی ایچ ایس میں گرین بیلٹ پر گرڈ اسٹیشن بنانے پر رہائشیوں کی کے الیکٹرک کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے آپ یہ بتائیں، آپ کے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل شعاع النبی ایڈوکیٹ نے موقف دیا یہ ہمارا کیس ہی نہیں۔ ہمارا کیس یہ ہے کہ سوسائٹی نے رفاعی پلاٹ کے الیکٹرک کو دے دیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کیا آپ عدالت کلین ہیڈز کے ساتھ آئے؟ آپ کے اپنے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں، پی ای سی ایچ ایس نے تو پوری سوسائٹی کے رفاعی پلاٹ بیچ ڈالے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کے الیکٹرک پرائیوٹ کاروبار کررہی ہے جگہ کہیں اور لے۔ رہائشی بھی کلین ہیڈز (صاف شفاف) نہیں آئے لہذا ان کے گھر بھی گرائے جائیں۔

گرین بیلٹ پر قبضہ کیس میں سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے بلاک 6 کی گرین بیلٹ مکمل کلئیر کرانے اور تعمیر تمام گھر بھی گرانے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بھی ختم کرنے اور بلاک 6 کے رفاعی پلاٹ پر پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کے الیکٹرک، رہائشیوں اور پی ای سی ایس ایچ سوسائٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سیشن تک سماعت ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔