انگلینڈ نے بنگلادیش کو باآسانی شکست دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 27 اکتوبر 2021
انگلینڈ کے سامنے بنگلہ دیش کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا

انگلینڈ کے سامنے بنگلہ دیش کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا

ابو ظہبی: ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بنگلایش کو شکست دے دی۔ بنگلادیش کی جانب سے 125 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ تاہم انگلینڈ کے بلے باز 15 اوورز میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور ریت کی دیوار کی طرح ایک ایک کرکے ان کی وکٹیں گرتی گئیں۔ اوپنرز لٹن داس 9، محمد نعیم 5 اور ٹاپ آرڈر بلے باز شکیب الحسن صرف 4 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مشفق الرحیم نے اسکور کو سنبھالنے کی کوشش کی اور وہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد عفیف حسن بھی صرف 5 رنز ہی بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمود اللہ 19، نور الحسن 16، مہدی حسن 11 اور نسیم احمد نے 19 رنز بنائے جبکہ مستفیض الرحمان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی۔ ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئراسٹو 8 رنز بنا کر آخر تک کھڑے رہے۔ جیسن روئے نے ٹیم کو 61 رنز کا اچھا سہارا دیا جبکہ جوز بٹلر نے 18 رنز بنائے۔

ورلڈ کپ میں اس سے قبل میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔