بل گیٹس نے پاکستانی خاتون پولیو ورکر کو ہیرو قرار دیدیا

ویب ڈیسک  بدھ 27 اکتوبر 2021
بل گیٹس پاکستانی خاتون پولیو ورکر کی تعریف کی، فوٹو: فائل

بل گیٹس پاکستانی خاتون پولیو ورکر کی تعریف کی، فوٹو: فائل

 نیویارک: دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس نے پاکستانی خاتون شمائلہ رحمانی کو ہیرو قرار دیتے ہوئے دنیا سے پولیو کے خاتمے کے لیے شمائلہ رحمانی کی محنت کو سراہا۔

بل گیٹس دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے منظم اور مربوط مہم چلاتے ہیں جس کے دوران غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے دنیا بھر سے منتخب کردہ ایک باحوصلہ پولیو ورکر کو اپنا ہیرو قرار دیتے ہیں اور اس بار یہ اعزاز پاکستانی خاتون شمائلہ رحمانی نے حاصل کیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بلند حوصلہ پاکستانی خاتون پولیو ورکر شمائلہ رحمانی کو پیدل ایک گھر سے دوسرے گھر جاتے اور 5 سال سے کم بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بل گیٹس نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی اور شمائلہ رحمانی کو میدان عمل کا ہیرو قرار دیا۔ بل گیٹس نے لکھا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم لیے شمائلہ حسین روزانہ پیدل سفر کرکے پولیو کے قطرے پلاتی ہیں۔

اس دوران شمائلہ رحمانی کو شدید مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کئی خواتین معلومات کم ہونے کی وجہ سے اپنے بچوں کو قطرے پلوانے سے منع کردیتی ہیں اور غصہ بھی کرتی ہیں لیکن شمائلہ ہمت نہیں ہارتیں اور ایسے والدین کی ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔