عبدالقدوس بزنجو وزارت اعلیٰ اور میر جان جمالی اسپیكر كیلئے نامزد

ویب ڈیسک  بدھ 27 اکتوبر 2021
بلوچستان میں جاری سیاسی بحران حل ہوگیا، چیئرمین سینٹ . فوٹو : فائل

بلوچستان میں جاری سیاسی بحران حل ہوگیا، چیئرمین سینٹ . فوٹو : فائل

 کوئٹہ: عبدالقدوس بزنجو کو وزارت اعلیٰ اور میر جان جمالی كو اسپیكر بلوچستان اسمبلی كے لیے نامزد کردیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی وزیر پرویز خٹک، ڈپٹی اسپیكر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور صدر بلوچستان عوامی پارٹی ظہور بلیدی نے عبدالقدوس بزنجو كا نام وزارت اعلیٰ جب کہ میر جان جمالی كو اسپیكر بلوچستان اسمبلی كے لیے نامزد كرنے كا اعلان كردیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر دفاع پرویزخٹک، قدوس بزنجو اور بی اے پی كے دیگر رہنماؤں كے ہمراہ كوئٹہ میں پریس كانفرنس کرتے ہوئے كہا كہ  بلوچستان میں ایک ماہ سے جاری بحران آج حل ہوگیا، بی اے پی كے تمام اراكین اكھٹے ہوگئے ہیں ان كی رنجش دور ہوگئی ہے، اس بحران كو حل كرانے میں وزیر اعظم، پرویز خٹک اور جام كمال نے اہم كردار ادا كیا۔

اس موقع پر بی اے پی كے قائم مقام صدر ظہور بلیدی نے كہا كہ ہم نے وزیر اعلیٰ كیلئے قدوس بزنجو اور جان محمد جمالی كو اسپیكر كیلئے نامزد كیا ہے، جلد اسمبلی كا اجلاس بلاكر قائد ایوان اور اسپیكر كا چناؤ كریں گے۔

وزیراعلیٰ کیلئے نامزد قدوس بزنجو كا كہنا تھا كہ مجھے خوشی ہے كہ ہماری پارٹی ٹوٹنے سے بچ گئی ہے، صوبے كے بحران كو حل كرانے میں وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ اور وزیر دفاع نے اہم كردار ادا كیا، اتحادیوں  كو اعتماد میں  لیكر حكومت سازی كے عمل كو مكمل كریں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے كہا كہ جب نیت صاف ہو تو مسائل حل ہو جاتے ہیں، نئی صوبائی حكومت میں پی ٹی آئی باپ پارٹی كی اتحادی رہے گی، باپ پارٹی كے فیصلے كی حمایت كرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔