بھارت میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر متعدد افراد گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 27 اکتوبر 2021
پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے - فوٹو:فائل

پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے - فوٹو:فائل

اتر پردیش: بھارت میں پاکستان کی جیت پر جشن منانے اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے والوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق اتر پردیش پولیس نے 5 اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت پر جشن منانے والے 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔

 خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں بھارت کی شکست اور پاکستان کی فتح پر بھارتی ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی ہی ٹیم کے مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو نشانے پر لے لیا تھا۔ ہندو انتہا پسندوں نے بھارتی ٹیم کی شکست کا نزلہ محمد شامی پر گرانے کی کوشش کی تھی۔

اسی طرح ریاست راجھستان میں مسلمان خاتون اسکول ٹیچر کو پاکستان کی جیت پر خوشی منانے پر نوکری سے فارغ کردیا گیا تھا۔ مسلمان خاتون ٹیچر نفیسہ عطاری نے بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر واٹس ایپ اسٹیٹس اپ لوڈ کیا تھا۔ اسٹیٹس دیکھنے کے بعد ایک طالب علم کے والدین نے ٹیچر کے خلاف اسکول انتظامیہ  کو شکایت دی جس پر انہیں نوکری سے نکال دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔