ورلڈ کپ فائنلز؛ عماد وسیم کے ’خفیہ ہتھیار‘ ثابت ہونے کا امکان

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 11 نومبر 2021
اسپنر کاآسٹریلوی بیٹسمینوں کے خلاف نئی گیند سے ریکارڈ بہتر ۔ فوٹو : فائل

اسپنر کاآسٹریلوی بیٹسمینوں کے خلاف نئی گیند سے ریکارڈ بہتر ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ورلڈکپ فائنلز میں عماد وسیم کے ’خفیہ ہتھیار‘ ثابت ہونے کا امکان ہے، وہ آرم بال سے نامی گرامی بیٹسمینوں کو پریشان کرچکے۔

عماد وسیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ہے، متحدہ عرب امارات میں پچز ان کی بولنگ کیلیے موزوں ثابت ہورہی ہیں۔

’’کرک انفو‘‘ کے مطابق میگا ایونٹ میں عماد کا مجموعی اکانومی ریٹ 5.23 رہا،پاور پلے میں انھوں نے 5.66 کے انتہائی متاثرکن اکانومی ریٹ سے بولنگ کی۔ ٹورنامنٹ میں فنگر اسپنرز کافی اہم ثابت ہوئے ہیں، مجموعی طور پر انھوں نے 6.61 کے اکانومی ریٹ سے بولنگ کی، اس سے قبل فنگر اسپنرز نے اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔

عماد وسیم کا سیمی فائنل کی حریف ٹیم آسٹریلیا کے بیٹسمینوں کیخلاف نئی گیند سے ریکارڈ بہتر ہے، گلین میکسویل نے ان کی 33 گیندوں پر 38 رنز بنائے اور 2 مرتبہ آؤٹ بھی ہوئے، اسی طرح اسٹیون اسمتھ نے 26 بالز پر 37، ڈیوڈ وارنر نے 19 بالز پر 38 رنز اسکور کیے، کپتان ایرون فنچ نے عماد کی 15 بالز کا سامنا کیا اور صرف 8 رنز بنا سکے جبکہ2 مرتبہ آؤٹ بھی ہوئے، مچل مارش 6 بالز پر 4 رنز بنا سکے۔

سابق بیٹر بازید خان نے کہاکہ عماد وسیم گیند کو سیدھا اسٹمپس میں سوئنگ کرتے ہیں، یواے ای کی پچز پر انھیں ہٹ کرنا تقریباً ناممکن ہے، ان کی گیند تھوڑی تیز اور شارٹ لینتھ ہوتی ہے، جب وہ ایسی پچ پر بولنگ کریں جہاں گیند بیٹ پر نہیں آرہی ہو تو پھر آپ انھیں کہاں پر ہٹ کرنے کا خطرہ مول لیں گے؟ آپ کو اس بات کا یقین ہی نہیں ہوتا کہ گیند بیٹ پر آئے گی، اگر لیگ سائیڈ پر کھیلیں یا سوئپ کرنا چاہیں تو ایل بی ڈبلیو ہونے کا خطرہ موجود رہے گا، مس ٹائم یا ہاف ہٹ کی صورت میں بھی آپ وکٹ گنوا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔