جیل سے رہائی کے باوجود آریان خان بدستور ذہنی اذیت کا شکار

ویب ڈیسک  جمعرات 11 نومبر 2021
این سی بی نے آریان خان کو 3 اکتوبر کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا فوٹوفائل

این سی بی نے آریان خان کو 3 اکتوبر کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جیل سے رہائی کے باوجود ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور ابھی تک ان کی ذہنی کیفیت سنبھل نہیں سکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کے اوپر جیل میں گزارے گئے دنوں کے بہت ہی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ابھی تک ان کی ذہنی کیفیت سنبھل نہیں سکی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق آریان خان کو جیل سے رہا ہوئے کئی روز گزر چکے ہیں لیکن وہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔

آریان جو جیل جانے سے قبل کافی ہلہ گلہ کرنے والے شخص تھے اور جنہیں دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنا پسند تھا اب بالکل چپ چاپ اور خاموش سے ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان جیل سے رہا ہوگئے

بھارتی میڈیا نے خان فیملی کے قریبی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آریان خان جب سے جیل سے باہر آئے ہیں وہ زیادہ تر وقت اپنے کمرے میں ہی گزارتے ہیں۔ آریان خان 30 اکتوبر کو ضمانت پر رہا ہوئے تھے اور انہیں جیل کی قید سے رہا ہوئے 12 دن ہوچکے ہیں اور ان 12 دنوں میں انہوں نے اپنے دوستوں سمیت کسی سے بھی ملاقات کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: آریان کو ضمانت ملنے کے بعد گوری خان جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور روپڑیں

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری آریان کو سنبھلنے اور اس کیفیت سے نکلنے کے لیے وقت دے رہے ہیں۔ وہ دونوں بھی اس وقت پریشان ہیں اور آریان کو یہ یقین دلانے کی پوری کوشش کررہے ہیں کہ وہ ہمیشہ اس کے ساتھ ہیں۔

آریان کو وقت دینے اور اسے بہتر محسوس کروانے کے لیے ہی شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی سالگرہ بھی نہیں منائی اور وہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گھر کے بجائے علی باغ میں گزارا تاکہ آریان اور ان کے گھر والے اچھا وقت گزار سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: آریان کی ضمانت پر شاہ رخ کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو، تصویر وائرل

واضح رہےکہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 26 روز تک قید رہے تھے۔ بعد ازاں بومبے ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو آریان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا اور 30 اکتوبر کو وہ جیل سے باہر آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔