دوران شوٹنگ خاتون کی ہلاکت پر اداکار ایلک بالڈون مشکل میں پھنس گئے

ویب ڈیسک  جمعرات 11 نومبر 2021
فلم کریو کے ایک رکن نے ایلک بالڈون اور فلم ’رسٹ‘ کے پروڈیوسر کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ دائر کردیا (فوٹو : فائل)

فلم کریو کے ایک رکن نے ایلک بالڈون اور فلم ’رسٹ‘ کے پروڈیوسر کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ دائر کردیا (فوٹو : فائل)

لاس اینجلس: فلم کے سیٹ پر شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے خاتون کی ہلاکت پر مشہور ہالی ووڈ اداکار ایلک بالڈون مشکل میں پھنس گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلم کے کریو نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔ عملے کے ایک رکن نے ایلک بالڈون اور فلم ’رسٹ‘ کے پروڈیوسرز کے خلاف مجرمانہ غفلت برتنے کا مقدمہ دائر کردیا۔

فلم کے چیف الیکٹریشن سارجیو سیوتنو نے امریکی شہر لاس اینجلس میں دائر کردہ مقدمے میں پروڈیوسرز اور دیگر ملزمان پر حفاظتی اقدامات کے نفاذ میں ناکام رہنے اور گولیوں سے بھرے ریوالور کا رخ زندہ انسانوں کی طرف کرنے کی اجازت دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

یہ اس واقعے پر دائر کردہ پہلا مقدمہ ہے۔ امریکی ریاست نیو میکسیکو میں پیش آنے والے اس واقعے میں پولیس تاحال معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اور کسی کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشہور ہالی ووڈ اداکار سے فلم کے سیٹ پر گولی چلنے سے خاتون ہلاک

21 اکتوبر کو ہالی ووڈ اداکار الیک بالڈون نیو میکسیکو میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران حادثاتی طور پر ان سے فلموں میں استعمال ہونے والی گن سے گولی چل گئی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود خاتون سنیماٹو گرافر 42 سالہ ہیلینا ہِچنس ہلاک اور ہدایت کار جول سوزا زخمی ہوگئے تھے۔

چیف الیکٹریشن سارجیو سیوتنو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فلم سازی ایک شاندار فن ہے لیکن دوسروں کی تفریح کی خاطر کسی کو مرنا نہیں چاہیے، انتظامیہ کو کسی صورت سیٹ پر اصل گولیاں استعمال نہیں کرنی چاہئیں تھیں۔

سارجیو سیوتنو واقعے کے عینی شاہد ہیں اور سینے پر گولی لگنے کے بعد انہوں نے ہیلینا ہِچنس کو اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منظر ساری زندگی انہیں پریشان کرتا رہے گا۔ مقدمے میں اداکار اور پروڈیوسر کے ساتھ ساتھ اسلحے کی انچارج حنا گوتریز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیو ہالز کو بھی نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے ریہرسل کے دوران اداکار الیک بالڈون کو پستول پکڑائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔