موٹر سائیکلیں چوری کرنے میں ملوث خاتون سمیت 13 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 11 نومبر 2021
اے وی ایل سی نے 12 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری (فوٹو : فائل)

اے وی ایل سی نے 12 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری (فوٹو : فائل)

 کراچی: اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) پولیس نے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث خاتون سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کار اور 12 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اے وی ایل سی پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 13 ملزمان شہزادی دختر ذوالفقار علی، عزیز ولد ہارون، عمران ولد صدیق، کامران ولد حنیف، سید نور ولد حا جی نور، جہانزیب ولد سعید علی، عامر ولد ایوب، افضل ولد عبداللہ، سیفل لغاری ولد جعفر لغاری، علی نواز لغاری ولد جانب لغاری، رمضان لغاری ولد اکبر علی لغاری، آصف ولد اسمٰعیل، رضوان ولد قاسم اور تابش ولد ایوب کو گرفتار کر کے ایک مسروقہ کار، 12 مسروقہ موٹر سائیکلیں اور 900 گرام چرس برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ اور کار و موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں ملوث ہیں جبکہ پولیس گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

اے وی ایل سی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد کی گئی کار سچل کے علاقے سے چوری کی گئی تھی جبکہ برآمد کی گئی 12 موٹر سائیکلوں میں سے 3 موٹر سائیکلیں کورنگی صنعتی ایریا، 2 موٹر سائیکلیں زمان ٹاؤن، 2 موٹر سائیکلیں عزیز آباد جبکہ ایک ایک موٹر سائیکل سمن آباد، گلبرگ، شریف آباد، جوہر آباد اور تھانہ ڈیفنس کی حدود سے چوری کی گئی تھیں اور ان کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج ہیں۔

دریں اثنا سی پی ایل سی کی رپورٹ میں گزشتہ ماہ مجموعی طور پر شہر کے مختلف علاقوں سے ساڑھے 4 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں اور 234 گاڑیوں کے چوری و چھینے جانے کے اعداد و شمار نے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔