گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر توانائی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 نومبر 2021
حماد اظہر کی گھریلو صارفین کو ہفتے میں صرف تین دن گیس فراہمی کی خبر کی تردید

حماد اظہر کی گھریلو صارفین کو ہفتے میں صرف تین دن گیس فراہمی کی خبر کی تردید

 اسلام آباد: حماد اظہر نے گھریلو صارفین کو ہفتے میں صرف تین دن گیس فراہمی کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن میں تین مرتبہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں گھریلو و تجارتی صارفین کو گیس کی فراہمی میں کمی پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔ پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمان و سلیم مانڈوی والا نے نوٹس پیش کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ اتنی ہوگئی کہ گھریلو صارفین کو صرف تین دن گیس ملے گی، نیا پاکستان میں آپ کھانا نہیں بنا سکیں گے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ گیس بحران کا واحد حل ایران پاکستان گیس پائپ لائن ہے، حکومت کو ڈر ہے کہ ہم پر پابندی لگ جائے گی، حالانکہ بھارت ایران سے دھڑا دھڑ گیس لے رہا ہے، جب تک ایران گیس پائپ لائن نہیں آئے گی پاکستان میں گیس بحران رہے گا۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ 70 فیصد گیس ملک میں پیدا ہوتی ہے اور تیس فیصد امپورٹڈ گیس ہے، پاکستان میں 2019ء سے گیس کی قیمتیں بالکل نہیں بڑھی ہیں، سندھ 38 فیصد، بلوچستان 40 فیصد، کے پی 12 اور پنجاب 9 فیصد گیس فراہم کرتا ہے، ایل این جی کا ٹینڈر چار ماہ پہلے کیا جاتا ہے، پاکستان کی تاریخ کا ایل این جی کا سب سے سستا کنٹریکٹ ہماری حکومت نے کیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی خبر غلط ہے، بلکہ ہم نے دن میں تین مرتبہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا کہا ہے، آج پاکستان میں 28 فیصد گھرانوں کوگیس ملتی ہے، 70 فیصد سے زائد گھرانوں کو گیس کی فراہمی نہیں ہو پاتی، گیس بحران کا تعلق ایل این جی سے نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔