بیلاروس ایئرلائن نے شام، یمن اور عراق کے شہریوں پر پابندی لگا دی

ویب ڈیسک  جمعـء 12 نومبر 2021
یہ پابندی ترکی کی دوخواست پر عائد کی، فوٹو: فائل

یہ پابندی ترکی کی دوخواست پر عائد کی، فوٹو: فائل

منسک: یورپی ملک بیلاروس کی ایئرلائن نے ترکی سے مشرق وسطیٰ ممالک کے شہریوں کو لے جانے سے انکار کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تارکین وطن کے بحران میں اضافہ کے باعث ترکی کی درخواست پر بیلا روس کی سرکاری ایئرلائن نے شام، یمن اور عراق کے شہریوں کے ٹکٹ منسوخ کرکے طیارے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

ایئرلائن بیلاویا نے ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ترک حکام کے فیصلے کے مطابق عراق، شام اور یمن کے شہریوں کو آج سے ترکی سے جانے یا آنے والی پروازوں میں جگہ نہیں دی جائے گی۔

ترکی کے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منسک کے لیے فلائٹ ٹکٹ ترکی سے آنے والے شام، یمن اور عراق کے شہریوں کو فروخت نہیں کیے جائیں گے۔

یہ اقدام اس وقت اُٹھایا گیا ہے جب بیلاروس اور پولینڈ کے درمیان  سرحدی بحران بڑھتا جا رہا ہے جب کہ ہزاروں تارکین وطن اور مہاجرین یورپی ممالک میں داخل ہونے کی امید میں سرحد کے قریب پھنسے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ بیلا روس کی ایئرلائن بیلاویا پر رواں برس کے آغاز میں منسک کی جانب سے ایک صحافی مسافر کی گرفتاری کے لیے جبری طور پر طیارے کو گراؤنڈ کرنے پر یورپی یونین نے پابندی عائد کر دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔