خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 14 نومبر 2021
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

خریداری کرنا
ناصر علی، سکھر
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے والدین کے ساتھ کہیں بازار جا رہا ہوں، میرے والدین کو کوئی جاننے والے اسی بازار میں ملتے ہیں تو وہ ان سے بات چیت کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں بور ہو کر آگے مارکیٹ میں گھومنے لگ جاتا ہوں۔ اسی دوران میری نظر ایک خوبصورت چادر پر پڑتی ہے تو میں رک کر اسے دیکھنے لگتا ہوں۔ اس کے رنگین ڈیزائن مجھے اتنے پسند آتے ہیں کہ میں باقاعدہ طور پر ان کو پکڑ پکڑ کر دیکھتا ہوں۔ پھر میں اسے خرید کر اپنے بیگ میں رکھ لیتا ہوں، اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ کیا ہوا۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو ایک نیک شریک حیات ملے گی۔ جس سے آپ کو بھی ہدایت ملے گی ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی، مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ اللہ کی راہ میں کچھ خیرات کر دیں۔

شوہر کے ساتھ باغ کی سیر
نادیہ علی، فیصل آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور باقی فیملی کے لوگ کسی باغ میں سیر کرنے آئے ہیں۔ باقی گھر والے تو ایک جگہ پر بیٹھ کر باتیں کرنے لگ جاتے ہیں مگر میرے میاں مجھے اشارہ کرتے ہیں تو ہم اٹھ کر گھومنے چل پڑتے ہیں۔ آگے ہی کسی قطعہ پر بہت ہی خوبصورت پھول لگے ہوتے ہیں اور گلابوں کی کیاریاں بنی ہوتی ہیں ۔ میں وہاں رک جاتی ہوں اور اپنے میاں کو بھی وہ پھول دکھاتی ہوں۔

تعبیر: یہ خواب اچھا ہے، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی نیک اور صالح فرزند کو ظاہر کرتا ہے جو آپ کے لئے توقیر اور عزت کا باعث ہو گا ۔ آپ کے خاندان کے نام کو وقار و عزت دے گا ۔ آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہو گا اور آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام و سکون ہو گا ، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

بال کٹوانا
محمد احسان ، سرگودھا
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ دن کے لئے چھٹیاں گزارنے اپنے گائوں آتا ہوں اور ایک دن گائوں کا حجام ہمارے گھر آتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ میری حجامت بنانے آیا ہے۔ وہ مجھے اپنے پاس بٹھا لیتا ہے اور میری حجامت بناتے ہوئے مجھے آسانی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے سوچا کہ آپ کو آنے کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں نکھار پیدا ہو گا ۔ عمر میں برکت ہو گی، رزق میں اضافہ اللہ کی مہربانی سے ہو گا جس سے یقینی طور پر مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ اگر اللہ نہ کرے کوئی بیماری ہے تو شفا کاملہ عطا ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

گودام میں گندم کے ڈھیر
محمودہ بیگم، شیخوپورہ
خواب : یہ خواب میرے میاں نے دیکھا ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ ہماری جو دکان ہے اس کے پیچھے ہی ہمارا گودام ہے جو ہم سامان رکھنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ وہاں صفائی کے دوران دیکھتے ہیں کہ جگہ جگہ کھلے اناج کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں اور جگہ جگہ پڑے ہوتے ہیں۔ جبکہ میرے میاں عام طور پر اناج کو اس طرح کھلا نہیں رکھتے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دولت بھی ملے گی جس سے خوشی نصیب ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ دین و دنیا دونوں میں بھلائی آئے گی ۔ عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شوہر زیور بیچ دیتا ہے
نوراں بی بی ، منڈی بہائوالدین
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے جو زیور شادی پر تحفتاً پائے تھے اور بعد میں اپنی ساس کے پاس رکھوا دیئے تھے۔ دیکھتی ہوں کہ میرے میاں نے ان سے لے کر کہیں بیچ دیا ہے حتیٰ کہ وہ چین اور انگوٹھی جو انھوں نے مجھے دی تھی وہ بھی انہوں نے بیچ دی ہے۔ دوسرے منظر میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے بیچنا وہ اپنا چاہتے تھے اور وہی نکالا اس کے بعد کا حصہ مجھے یاد نہیں مگر یہ سوچ کافی مضبوطی سے آنکھ کھلنے کے بعد بھی رہی ۔

تعبیر: مرد اور عورت کے لئے سونے کی تعبیر الگ ہے، یہ خواب اچھا ہے ، پریشانی کی بات نہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا اور گھر و کاروبار میں برکت ہو گی ۔ کسی پریشانی یا مشکل وقت سے نجات حاصل ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔

جیل سے رہائی
حیدر حسن، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں کسی جیل نما جگہ پر بند ہوں، کہیں سے بھی باہر جانے کا راستہ نہیں ہے، اگر کہیں ہے بھی تو وہاں جیل کی طرح کے دروازے لگے ہوئے ہیں ۔ اگلے منظر میں دیکھتا ہوں کہ میں اسی عمارت کی چھت پر کھڑا اذان دے رہا ہوں اور پھر جانے کہاں سے ادھر لوگ آ جاتے ہیں جو میرے ساتھ ادھر نماز پڑھنے لگ جاتے ہیں ۔ اس کے بعد جب میں دوبارہ ان کمروں کی طرف جاتا ہوں جہاں پہلے بھی گیا تھا اور سلاخیں نما دروازے دیکھ کر واپس آ گیا تھا ، وہاں اب کچھ نہیں ہوتا بلکہ کمروں میں دروازوں کی جگہ ہوتی ہی نہیں بس چوکور سا خلا ہوتا ہے ۔ میں نارمل انداز میں باہر نکل کر گھر کی طرف چل پڑتا ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کسی پریشانی غم یارکاوٹ کو دور کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے یعنی اس سے نجات پا کر آپ کی عزت و توقیر پھر سے بحال ہو جائے گی اور پریشانیاں و رکاوٹیں دور ہوکر کاروبار میں بھی برکت ہوگی ، سکون ہو گا ، آپ نمازپنجگا نہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کریں ۔

عجائب گھر میں قدیم اسلحہ
عبداللہ، کراچی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی قلعہ میں موجود ہوں، جہاں عجائب گھر نما سا کمرہ ہے۔ اور ادھر پرانے زمانے کا اسلحہ رکھا گیا ہے۔ میرے دوست اور میں حیران ہوکر ان کو دیکھتے ہیں ایک دوست وہاں لٹکی ہوئی تلوار اتار لیتا ہے اور میں اس سے لے کر اپنی کمر کے ساتھ لٹکا لیتا ہوں۔ اس کے بعد ہم ادھر ادھر گھوم پھر کے مزید چیزیں دیکھتے ہیں اور میں نادانستگی میں اس تلوار کو باندھے گھومتا پھرتا ہوں اور کوئی بھی گارڈ مجھے نہیں روکتا ۔ حتی کہ میں جب میں وہاں سے نکلتا ہوں تو وہ پہرے دار مجھے جھک کر سلام کرتا ہے اور روکتا نہیں۔

تعبیر: آپ کا خواب اچھا ہے اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ ازدواجی زندگی کی خوشخبری یا نوکری وکاروبار میں ترقی پر دلیل کرتا ہے جس سے رزق میں اضافہ ہوگا یا مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

سانپ سے ڈر کر چیخنا
نور فاطمہ ، نارووال
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھ رہی ہوتی ہوں کہ اچانک میری نظر چھت پر پڑتی ہے وہاں پنکھے کے ساتھ ایک رسی سی لٹک رہی ہوتی ہے۔ میں یہ سوچ رہی ہوتی ہوں کہ کہ میرے بھتیجے بھتیجیوں کا کارنامہ ہوگا کہ کمرے میں کھیل کے دوران بچوں نے یہ دوپٹہ یا رسی اچھال کر پنکھے پہ لٹکا دی، بچوں کو بلانے کیلئے میں اٹھتی ہوں تاکہ اٹھ کے ان کو ڈانٹوں اس دوران وہ رسی ہلنا شروع کر دیتی ہے۔ تب مجھ پہ یہ انکشاف ہوتا ہے کہ یہ رسی نہیں بلکہ سانپ ہے۔ یہ دیکھ کر میں دہشت زدہ ہوکر چیخنا شرو ع کردیتی ہوں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے۔ کو ئی عزیز و رشتے داری دشمنی کرنے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہو تو کچھ بھی نقصان نہیں ہوگا، آپ محفوظ رہیں گی ۔ یہ معاملات نوکری، کاروبار یا تعلیمی معاملات کو بھی خراب کر سکتے ہیں۔ آپ نما ز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یا سلام یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ ہر منگل یا ہفتہ کو کالے چنے یا کالا کپڑا اپنے اوپر سے وار کر کسی مستحق کو دے دیا کریں۔

مالک دکان کا سامان پر قبضہ کرنا
ندیم احمد ، راولپنڈی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں گھر میں بیٹھا بچوں کے ساتھ باتیں کر رہا ہوں میرے فون پر کسی مارکیٹ والے کی کال آتی ہے کہ مالک مکان نے تمہاری دوکان پر تالا ڈال دیا ہے اور سامان بھی قبضہ میں کر لیا ہے۔ یہ سن کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں۔ اصل میں حقیقت بھی وہی ہے کہ کاروبار میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان مسائل کو لے کر بھی پریشانی ہے۔ اس لئے خواب دیکھ کر اور زیادہ پریشانی ہوگئی ہے ،کیا مجھے کوئی اس کا حل مل سکتا ہے ؟

تعبیر: یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے مگر اللہ کی رحمت سے نا امید ہونا کسی مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔ اللہ آپ کو اپنے حفظ وامان میں رکھیں۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ رات کو بعد ازنماز عشاء اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 211 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ سے دعا کریں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور سجدے میں جا کر نہایت عاجزی سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ ہر نماز کے بعد استغفار کریں۔

ناشتے میں پنیر اور شہد
شگفتہ نورین، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ننھیال گئی ہوئی ہوں اور وہاں میری ممانی سب بچوں کو ناشتہ دے رہی ہوتی ہیں۔ گھر کے سب بچے اور نوجوان ان کے گرد کچن میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں دیکھتی ہوں کہ مجھے باقی کزنز کے برعکس ناشتے میں پنیر اور شہد ملتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور مزے سے کھاتی ہوں۔

تعبیر؛ اچھا خواب ہے اور کسی خوشخبری و آسانی پہ دلیل کرتا ہے۔ یہ تعلیمی امور سے متعلقہ ہو سکتی ہے یا گھریلو اور کاروباری زندگی سے بھی۔ اس سے رزق میں بھی اضافہ ہوگا اور مال ومسائل میں بھی برکت ہوگی اور ظاہری سی بات ہے کہ اس سے گھر میں بھی آرام وسکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

اسکول جانا
حریم یوسف، کامونکی
خواب: میں نے دیکھا کہ میں سکول جا رہی ہوں مگر جوتا کافی تنگ کر رہا ہے۔ میں یہ سوچ کر پریشان ہوتی ہوں کہ میرا اب سارا دن اسکول میں کیسے گزرے گا۔ اس کے علاوہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں۔کبھی سوچتی ہوں کہ گھر واپس چلی جائوں کبھی سوچتی ہوں کہ سکول کے نزدیک کسی استاد کا گھر ہو تو وہاں سے تبدیل کرائوں۔ اسی کشمکش میں سکول پہنچ جاتی ہوں اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: آپ کا خواب کچھ پریشانی کو ظاہر کرتا ہے جس کا تعلق نوکری وکاروبار سے بھی ہو سکتا ہے اور گھریلو معاملات میں بھی، جس سے ذہنی پریشانی ہوسکتی ہے۔ ظاہری سی بات ہے کہ مال ووسائل کمی یا ان میں رکاوٹوں سے ذہنی مسائل جنم لیتے ہیں۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

لکڑیوں کے بجائے درخت کی چھال
اللہ دتہ، قصور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور باہر لکڑیاں اکٹھی کرنے گیا ہوں ۔ پھر میں کیکر کے درخت سے کچھ لکڑیاں اکٹھی کرتا ہوں، مگر وہ کیکر کی لکڑی نہیں ہوتی بلکہ چھال ہوتی ہے۔ میں اس درخت سے وہ چھال توڑتا ہوں اور اپنے کپڑے میں باندھ لیتا ہوں ، پھر آگے کی طرف چلتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی کوئی گمشدہ چیز مل جائے گی۔ اگر کسی کو رقم دی ہے تو روپیہ پیسہ بھی آپ کو جلد مل جائے گا ۔کاروبار میں برکت اور وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی مفلسی دور فرمائیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ خیرات کیا کریں۔

کھیتوں میں بیل
افضال احمد ، ملتان
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں کھڑا ہوں اور وہاں ساتھ والے کھیت میں بہت سے بیل ہیں جو جانے کہاں سے آئے ہیں اور سارے کھیت میں لگی سبزی روندتے جا رہے ہیں ۔ میرے ساتھ میرے دو مددگار بھی ہوتے ہیں جو مجھے بھاگنے کا کہتے ہیں مگر اسی وقت ان میں سے ایک بیل آ کے مجھے زوردار ٹکر مارتا ہے۔ اس کا سینگ مجھے بہت زور سے لگتا ہے۔ میں زمین پہ گر جاتا ہوں ۔ میرا ملازم آ کر اس بیل کو مارتا ہے۔ میں پھر اٹھ کر کھڑا ہو جاتا ہوں۔ اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی آپ کو پریشانی یا غم لاحق ہو سکتا ہے۔گھر میں کوئی بیماری یا اولاد کی طرف سے کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو صدقہ خیرات کریں۔

سہیلی کی منگنی
نصرت پروین، مانسہرہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی سہیلی کی منگنی پہ آئی ہوں اور اپنے کالج کی باقی دوستوں کے ساتھ مل کے اس کے باغ میں چہل قدمی کر رہی ہوں۔ ان کا گھر بہت بڑا ہے تو باغ بھی کافی بڑا ہے جس میں ہر طرف پھل دار درخت لگے ہیں۔ میں پھل کو دیکھ کہ خوش ہوتی ہوں اور باقی سہیلیوں کے ساتھ مل کے سیب کے درخت کو ایک ڈنڈے کی مدد سے ہلاتی ہوں جس سے بہت سے سیب گر جاتے ہیں۔ میں اور باقی کی سہیلیاں سیب اٹھا کر کھانا شروع کر دیتی ہیں جو کہ بہت لذیذ ہوتے ہیں، میں کھاتے ہوئے یہی سوچ رہی ہوں کہ باقی کے مزید توڑ کر گھر لے جاوں گی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کے رزق میں برکت ہو گی۔ اللہ تعالی کی طرف سے عزت و برکت میں اضافہ ہو گا مگر آپ کا ذھن دنیا داری کی طرف زیادہ رہے گا اور مال و دولت جمع کرنے کا شوق رہے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ سیرت کی کتب کا مطالعہ کیا کریں اور کوشش کریں کہ اس پہ تفکر کیا جائے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔