جیب کاٹ دینے والا، ڈائنوسار کے اصل دانت والا آئی فون

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 نومبر 2021
کیویئر کمپنی نے صرف سات کی تعداد میں ڈائنوسار کیسنگ والے آئی فون 13 ماڈل بنائے ہیں جن کی قیمت 15 سے 17 لاکھ روپے تک ہے۔ فوٹو: بشکریہ کیویئر

کیویئر کمپنی نے صرف سات کی تعداد میں ڈائنوسار کیسنگ والے آئی فون 13 ماڈل بنائے ہیں جن کی قیمت 15 سے 17 لاکھ روپے تک ہے۔ فوٹو: بشکریہ کیویئر

 نیویارک: عام برانڈ کو انوکھا روپ دے کر کئی گنا قیمت میں فروخت کرنے والی مشہور کمپنی کیویئر نے اب ایک نئی پیشکش کی ہے۔ اس پر آئی فون 13 کی کیسنگ میں ٹی ریکس ڈائنوسار کے اصلی دانت کا ایک ٹکڑا لگایا گیا ہے۔

اگرچہ یہ دانت بے ضرر ہے لیکن آپ کی جیب ضرور کاٹ لے گا کیونکہ اس کی قیمت 8000 ڈالر سے شروع ہورہی ہے۔ اسے ٹائرانوفون کا خوبصورت نام دیتے ہوئے اس کی بعض تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ کمپنی نے آئی فون 13 اور آئی فون 13 پرو اور میکس ماڈلوں کی کیسنگ پر خوبصورت نقش کاڑھے ہیں جو فون کو ایک بالکل نیا روپ دیتے ہیں۔

فون کیسنگ کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے کیویئر کمپنی نے کہا ہے کہ کیسنگ کا ڈیزائن ان ک بہترین فنکاروں نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس کے اندر 24 قیراط سونے کی چادر لگائی گئی ہے جس کی چمک آسمانی بجلی کو ظاہر کرتی ہے جبکہ سیاہ رنگ میں ڈائنوسار کا ابھرا ہوا سر دیکھا اور ہاتھ لگا کر محسوس کیا جاسکتا ہے۔ سر پر ٹائٹانیئم کا ورق لگایا گیا ہے۔

ڈائنوسار کی آنکھ اصلی عنبر پر مشتمل ہے جو خود لاکھوں کروڑوں سال پرانا ہے ۔ دوسری جانب زمین پر غرانے والے آٹھ کروڑ سال قدیم ڈائنوسار کے دانت کا ایک ٹکڑا لگایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ایک کلیکٹر ایڈیشن ہے اور سات کی تعداد میں بنایا گیا ہے آئی فون 13 کی قیمت 8610 ڈالر یعنی 15 لاکھ روپے اور آئی فون 13 پرو کی قیمت 9150 ڈالر یعنی 16 لاکھ روپے کے برابر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔