علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 14 نومبر 2021
15 تا 21 نومبر2021

15 تا 21 نومبر2021

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
19 نومبر کو چاند چودھویں کا ہوگا اور اسے گرہن بھی لگے گا۔ چاند آپ کے خانۂ مال میں ہوگا، یہاں اسے اچھا سمجھا جاتا ہے کہ خدا ایسے وقت میں مالی اسباب میں کوئی اضافہ فرماتا ہے، یہاں گرہن کا مطلب مالی مسئلہ ہوسکتا ہے، گھر اور والدہ کی صحت کے حوالے سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، کیوںکہ آپ کی سمجھ بوجھ کا سیارہ ابھی اسی گرہن کی زد میں ہوگا، اگرچہ 17 اور 18 کو مالی فائدہ ہوگا، لیکن لگتا ہے فائدہ ہوکے کچھ نقصان کا اندیشہ ہے۔ محتاط رہیں اور جذبات میں کوئی قدم نہ اٹھائیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
چودھویں کا چاند آپ کے ماتھے پر چمکے گا، آپ کا ماتھا خدا نے چاند کے لیے پسندیدہ مقام بنایا ہے، اور اس وقت سورج آپ کے تعلقات کے خانے میں ہوگا، اور ایسے وقت میں گرہن لگے گا، چاند کا تعلق آپ کے قریبی عزیزوں، چھوٹے بھائی بہن، پڑوسیوں، تحریر وتقریر، رابطے اور سفر کی تمام چیزوں کا نمائندہ ہے اور سورج والدہ اور گھر سے تعلق رکھتا ہے۔ ایسے وقت میں مذکورہ امور میں پریشانی ہوسکتی ہے، اگرچہ آپ کا ذاتی سیارہ خوش قسمتی کے مقام پر براجمان ہے، لیکن پھر بھی محتاط رہنا اور صدقہ دینا بہتر عمل ہوگا۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ اپنے کام کے لیے کچھ زیادہ ہی پرجوش اور فکرمند ہیں، اور کچھ ظاہری اور کچھ خفیہ انداز میں مشقت کررہے ہیں۔ یہاں آپ سے غلطی ہونے والی ہے، کیوںکہ 19 تاریخ کا چاند گرہن آپ کے نقصان کے مقام پر لگ رہا ہے، آپ کی جیب سے کچھ سرک سکتا ہے گرسکتا ہے۔ جذباتی اور پرجوش ہوکے آپ کسی کے چکر میں آسکتے ہیں۔ غلط جگہ پیسہ لگانے کی غلطی ہوسکتی ہے، جس کے لیے آپ گذشتہ ہفتے سے منصوبہ سازی کررہے تھے، آپ کو سوبار سوچنا ہوگا۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
چاند برج سرطان کا اپنا سیارہ ہے۔ سرطان چاند کا گھر سمجھا جاتا ہے۔ اسے گرہن لگنے والا ہے لیکن یہ گرہن کسی حوالے سے بڑی مشکل نہیں لائے گا، کیوںکہ یہ گرہن ایک ایسے مقام پر لگ رہا ہے جہاں خراب سیارہ بھی اچھے نتائج کی خبر سناتا ہے، بس یہاں کچھ جذباتی معاملہ ہوسکتا ہے کوئی شخص یا کسی شخص سے آپ کو والہانہ تعلق ہوسکتا ہے۔ ایک خواب بھی آسکتا ہے جو ممکن ہے حقیقت ہوجائے، آپ کی صلاحیتیں پہلے سے کئی گنا زیادہ نکھرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا سیارہ نہیں ستارہ ہے یعنی سورج! بقیہ تمام سیارگان ہیں جن کی اپنی روشنی نہیں ہے ان کی چمک سورج ہی کی مرہونِ منت ہے۔ چاند اور اور سورج کا باہم ایک خاص تعلق ہے ان کی روشنی جہاں جہاں پڑتی ہے وہاں وہاں زندگی سانس لینے لگتی ہے، آپ کا ستارہ سورج گرہن والے مقام سے گزر رہا ہے، لیکن یہ گرہن چاند کو لگے گا، چاند آپ کے بیرون ملک، اسپتال، خفیہ امور، اور نقصان کا نمائندہ ہے، کچھ بہتری اور اچھی خبر کی امیدِکامل ہے لیکن یہاں گرہن کی وجہ سے کچھ چیزیں بن کے بگڑسکتی ہیں، امور کو محتاط ہوکے ڈیل کریں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
اپنے شریکِ حیات کی صحت کا خیال رکھیں یہ گرہن ان کی صحت کو متاثر کرسکتا ہے۔آپ سفر کر سکتے ہیں، کچھ قریبی لوگوں سے ان بن ہوسکتی ہے، لیکن امید ہے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا، اور آپ اپنی فہم وفراست سے اسے ”ہینڈل” کرلیں گے۔ یہ ایک مشکل وقت ہوسکتا ہے آپ کو زیادہ محتاط رہنا ہوگا، یہاں آپ کی تحریر میں ایک نئی جان اور نئی تاثیر پیدا ہوسکتی ہے، اگر آپ کچھ شایع کروانا چاہتے تو یہ ایک اچھا وقت ہوگا، سفر کا بھی امکان ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
ابتدائے ہفتہ کچھ الجھنیں ہوسکتی ہیں، اور آپ کو اپنے کیریئر اور عزت و وقار کی فکرمندی ہوسکتی ہے۔ 18 اور 19 کی تاریخیں ان الجھنوں کو سلجھنوں میں بدل سکتی ہیں۔ اگرچہ یہ ایک مشکل وقت سمجھا جاتا ہے لیکن آپ کے لیے یہ تاریخیں اور چاند گرہن مشکل کو آسان بناسکتا ہے، کیوںکہ اکثر سیارگان آپ کی حمایت میں ہیں چھوٹی موٹی الجھنیں ہوسکتی ہیں، لیکن بڑے مسائل نہیں، بلکہ ایسے وقت میں کوئی ڈوبا ہوا پیسہ مل سکتا ہے۔ یہ پیسہ کسی پرانے دوست کی کاوشوں سے یا بیرون ملک سے ہوسکتا ہے!

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
مریخ، سورج اور عطارد آپ کے دماغ میں قوت، توانائی، تحریک اور دانائی کی شمعیں روشن کررہے ہیں، ایسے وقت میں چودھویں کا چاند اپنی روشنی دے رہا ہے، شادی ہوسکتی ہے، منگنی ہوسکتی ہے،کوئی نیا رشتہ زندگی میں داخل ہوسکتا ہے، سفر میں کسی سے ملاقات ہوسکتی ہے یا کوئی کال آسکتی ہے، جو آپ کے لیے نرم گوشوں کو گرم گوشوں میں بدل سکتی ہے۔ آپ پہلے سے زیادہ متحرک ہوجائیں گے اور عملی طور پر میدان میں اتریں گے۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کا بچپنے میں اٹھایا گیا قدم مسائل لاسکتا ہے جس سے وقار اور مالی مشکل ہوسکتی ہے۔ جذبات اور غیرسنجیدگی ہمیشہ مصائب کو دعوت دیتی ہے، ماتحت کام کرنے والے خصوصاً صنفِ مخالف آپ کی سردردی کی وجہ بن سکتے ہیں، کچھ لوگوں سے لین دین کے معاملے پر تکرار کا بھی اندیشہ ہے، ایسے میں قسمت اور باس دونوں آپ کے خلاف ہونے والی سازش کا شعوری یا غیرشعوری طور پر حصہ ہوسکتے ہیں، آپ کو اپنے باس اور بزرگوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدام کی ضرورت ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
اکثر سیارے کڑواہٹ لیے ہوئے ہیں لیکن وہ آپ کے لیے ایسے ہی اچھے ہیں جیسے کڑوی دوا منہ کا ذائقہ تو خراب کرتی ہے لیکن خون کی خرابی دور کردیتی ہے، آپ کو کچھ ناگوار باتیں پی جانی پڑیں گی تبھی آپ حالات کو اپنی حمایت میں کرپائیں گے، ورنہ مشکل ہوسکتی ہے، ایسے وقت میں دوراندیشی ہی بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ بچوں کی طرف سے کوئی ایسی بات سننے کو مل سکتی ہے جو آپ کے لیے تکلیف دہ ہوسکتی ہے، لیکن اس ہفتے میں مالی فائدہ ہونے کا قوی امکان ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
چاند گرہن آپ کے کام کاج کے امور اور پلاننگ کو متاثر کرسکتا ہے۔ بیرون ملک بزنس سے متعلق کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہوسکتا ہے، اکثر سیارے آپ کو بڑی تبدیلیوں پر اکسائیں گے اور حالات کا تقاضا بھی یہی ہے۔ سفر اور آن لائن ورک سے متعلق آپ کے کیریئر میں اہم تبدیلیاں آنے اور بہتر راہیں کھلنے کی امید ہے، کچھ ناگوار اور مزاج کے خلاف اقدام کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ اگرچہ کچھ قریبی لوگ آپ کی بہتری کے لیے آپ سے تعاون کریں گے لیکن ان میں ایک دو مہربانوں کی نیت میں خرابی موجود ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
آپ کے بارہویں خانے میں مشتری اور زحل ابھی تک موجود ہیں۔ یہ جب تک یہاں رہیں گے، اخراجات بڑھیں گے، لیکن ناواقف لوگوں اور راستوں سے مالی فائدہ ہوتا رہے گا۔ بیرون ملک جانے کے راستے کھلیں گے اور سفر ہوسکتا ہے۔ بزنس کی کوئی ڈیل ہوسکتی ہے، بہتر ہے کہ ناواقف لوگوں سے اپنے بزنس کی ڈیل کریں لیکن وہ بھی نہایت محتاط ہوکر کیوںکہ اگر آپ کے پیدائش کے وقت سیارگان کی پوزیشن اچھی نہ تھی تو یہ ڈیل مسائل لاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔