قطرافغانستان میں امریکی سفارتی نمائندگی کے لیے تیار

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 نومبر 2021
قطر اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے بعد قطر افغانستان میں امریکی سفارتی موجودگی اور مدد فراہم کرے گا۔ فوٹو: فائل

قطر اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے بعد قطر افغانستان میں امریکی سفارتی موجودگی اور مدد فراہم کرے گا۔ فوٹو: فائل

دوحہ: قطر اور امریکی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے بعد قطر نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ  افغانستان میں امریکی سفارتی نمائندگی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں اس کے مفادات کے تحفظ میں مدد فراہم کرے گا۔

قطری وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی اور امریکی وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن کے درمیان باضابطہ ملاقات کے بعد مشترکہ معاہدہ اور اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت قطر افغانستان میں امریکی مفادات کا تحفظ کرے گا۔

اس موقع پر قطری وزیرِ خارجہ نے کہا کہ، ’ ہم افغانستان کی سالمیت، عوام کے تحفظ اور بہبود کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘ واضح رہے کہ اس سال اگست میں امریکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد امریکہ کے لیے افغانستان میں سفارتی اور اسٹریٹجک خلا پیدا ہوچکا تھا۔

اس موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ نے افغانستان میں قطر کے کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو ایک ’نہایت اہم شریک‘ قرار دیا ہے۔

’ اس ضمن میں قطر اپنے سفارتخانے میں امریکی مفادات کا ایک گوشہ قائم کرے گا جس کے تحت افغانستان میں امریکی سفارتی تنصیبات اور دیگر معاملات پر بغور نظر رکھی جائے گی،‘ اینٹونی بلنکِن نے کہا۔ دوسرے معاہدے میں افغانستان کا سفر کرنے والے امریکی سفارتکاروں اور اہلکاروں کے لیے ویزہ سہولیات پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قطر افغان طالبان اور امریکیوں کے درمیان کئی برس سے ایک پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔