ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم کی عبوری ضمانت منظور

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 13 نومبر 2021
عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت 3 لاکھ روپے میں منظور کی۔

عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت 3 لاکھ روپے میں منظور کی۔

 کراچی: مقامی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم سلیم ہالار کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

کراچی ملیر کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم سلیم ہالار پیش ہوا۔ عدالت نے کیس میں نامزد ملزم کی 3 لاکھ روپے میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے ملزم کو 22  نومبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ ملزم سلیم ہالار نے سندھ ہائیکورٹ سے حفاطتی ضمانت کرارکھی تھی۔ عدالت نے ملزم کو تین دن میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم پر ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ملزم کیخلاف میمن گوٹھ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

علاوہ ازیں سندھ کے وزراء نے سالار گوٹھ میں ناظم جوکھیو کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ساجد جوکھیو کراچی میں سالار گوٹھ پہنچے اور انہوں نے شہید ناظم جوکھیو کے بھائی افضل جوکھیو اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔

صوبائی وزراء نے کہا کہ ہم شہید ناظم جوکھیو کی پوری فیملی اور تمام کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، یہ سانحہ انتہائی تکلیف دہ ہے اور اس کی پارٹی قیادت سمیت تمام رہنماؤں نے بھرپور مذمت کی۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ کسی کا ایک ذاتی فعل تھا اس سے پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔