بھارتی کمپنی امریکا میں بجلی والے ’جی ایم ڈبلیو‘ رکشے چلائے گی

ویب ڈیسک  اتوار 14 نومبر 2021
بجلی سے چلنے والا یہ رکشہ ’جی ایم ڈبلیو ٹاسک مین‘ کے نام سے 15 ملکوں میں فروخت ہورہا ہے۔ (فوٹو: جی ایم ڈبلیو)

بجلی سے چلنے والا یہ رکشہ ’جی ایم ڈبلیو ٹاسک مین‘ کے نام سے 15 ملکوں میں فروخت ہورہا ہے۔ (فوٹو: جی ایم ڈبلیو)

لاس اینجلس: بھارتی اسٹارٹ اپ کمپنی ’’بیلیٹی الیکٹرک‘‘ نے عالمی فنڈنگ 40 کروڑ ڈالر جمع کرکے امریکا میں رکشے چلانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

یہ کمپنی ’’جی ایم ڈبلیو ٹاسک مین‘‘ کے نام سے، بجلی سے چلنے والے لوڈر رکشے بنا چکی ہے جن کی سروس کا آغاز جلد ہی لاس اینجلس سے کیا جائے گا۔

حیدرآباد دکن کے دو بھائیوں، راجہ اور راہول گائم نے 2015 میں بجلی سے چلنے والا رکشہ تیار کیا تھا جس کی صنعتی پیداوار اور عالمی فروخت کےلیے انہوں نے ’’گائم موٹر ورکس‘‘ (جی ایم ڈبلیو) کے نام سے ایک کمپنی قائم کرلی۔

بجلی والے رکشے کو انہوں نے ’’جی ایم ڈبلیو ٹاسک مین‘‘ کا نام دیا جو اب تک 15 ملکوں میں فروخت ہورہا ہے۔

امریکا میں اپنا جدید ترین رکشہ بیچنے کےلیے انہوں نے ایک نئی اسٹارٹ اپ کمپنی ’’بیلیٹی الیکٹرک‘‘ قائم کرکے 40 کروڑ ڈالر فنڈنگ بھی جمع کرلی جس کے بعد یہ رکشہ امریکا میں بھی چلایا جائے گا۔

17 نومبر کو برقی گاڑیوں کی ایک نمائش میں ’’ٹاسک مین‘‘ کا نیا ماڈل پیش کیا جائے گا۔

امید ہے کہ یہ لوڈر رکشہ خاص طور پر امریکا کی کوریئر کمپنیوں میں مقبول ہوگا اور بہت جلد لاس اینجلس کے علاوہ دوسرے امریکی شہروں میں بھی سڑکوں پر یہ رکشے دوڑتے نظر آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔