پنجاب اورخیبرپختون خوا میں گیس صرف کھانا پکانے کے وقت ملے گی

ویب ڈیسک  اتوار 14 نومبر 2021
گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہو گا، ذرائع سوئی ناردرن گیس (فوٹو: فائل)

گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہو گا، ذرائع سوئی ناردرن گیس (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صرف کھانا پکانے کے لیے گیس ملے گی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت پیٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے، اور وزارت پیٹرولیم اور گیس کمپنیوں نے نیا گیس شیڈول تشکیل دے دیا ہے، جس کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صرف کھانا پکانے کے لیے گیس ملے گی، اور باقی وقت گیس بند اور چولہے ٹھنڈے رہیں گے۔

ذرائع سوئی ناردرن کے مطابق گھریلو صارفین کو 24 گھنٹوں میں سے صرف چند گھنٹے گیس مل سکے گی، صارفین کو صبح ساڑھے 5 بجے سے 8:30 تک گیس ملے گی، دن میں 11:30 سے دوپہر 2:00 بجے تک اور شام میں 4 سے رات 10 بجے تک گیس ملے گی، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہو گا۔

گھریلو صارفین کو دن میں 3 بار گیس دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پیٹرولیم ڈویژن

دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی سے متعلق وضاحت دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کو دن میں 3 بار گیس دینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، سوئی ناردرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں جس میں انہیں کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔

دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس بندش /اوقات کار کے حوالے سے کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔