کراچی میں گھر سے کوریئن شہری کی گلا کٹی لاش برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 14 نومبر 2021
کورنگی صنعتی ایریا میں کسی چمڑا فیکڑی میں ملازمت کرتا تھا، پولیس - فوٹو: ایکسپریس نیوز

کورنگی صنعتی ایریا میں کسی چمڑا فیکڑی میں ملازمت کرتا تھا، پولیس - فوٹو: ایکسپریس نیوز

 کراچی: محمود آباد کشمیر کالونی میں مکان سے 71 سالہ کوریئن شہری کی ہاتھ پاؤں بندھی اور گلا کٹی لاش ملی ہے، مقتول کورنگی میں چمڑا فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود آباد تھانے کے علاقے کشمیر کالونی سیکٹر اے گلی نمبر 7 مکان نمبر 9 سے ایک معمر شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی اور گلا کٹی خون میں لت پت لاش ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 71 سالہ چانگ داونگ ولد چونگ سو کے نام سے کی گئی۔

ایس پی جمشید ٹاؤن فاروق بجرانی نے بتایا کہ مقتول چانگ داونگ کوریئن شہری تھا اور کورنگی صنعتی ایریا میں کسی چمڑا فیکڑی میں ملازمت کرتا تھا، مقتول گزشتہ ڈیڑھ برس سے کشمیر کالونی میں ایک کمرے کے مکان کرایہ پر رہائش پذیر تھا، اس سے قبل مقتول کورنگی پی این ٹی کالونی اورڈیفنس میں بھی رہائش اختیارکر چکا تھا۔

ایس پی جمشید نے بتایا کہ مقتول نے اپنے قیام کی اطلاع پولیس کو نہیں دی تھیں اور نہ ہی مالک مکان کی جانب سے کوئی اطلاع پولیس کو دی گئی تھی، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید حقائق بھی سامنے آئیں گے۔

فاروق بجرانی نے بتایا کہ پولیس کو واقعے کی اطلاع علاقہ مکینوں کی جانب سے دی گئی تھی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور فوری طور پر کرائم سین انویسٹی گشین ٹیم کو موقع پرطلب کر کے کرئم سین کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھا کر لیے گئے ہیں، مقتول کے گھر میں کسی قسم کا کوئی سامان بھکرا ہوا نہیں تھا جس سے بظاہر لگتا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کا نہیں ہے تاہم فوری طور پر واقعے کی نوعیت کے واقعے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا، پولیس واقعے کی باریک بینی سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔