مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

ویب ڈیسک  پير 15 نومبر 2021
(ق) لیگ کے اکثر ارکان حکومت کا ساتھ جاری رکھنے کے حامی ہیں فوٹو: فائل

(ق) لیگ کے اکثر ارکان حکومت کا ساتھ جاری رکھنے کے حامی ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان قومی و پنجاب اسمبلی نے موجودہ حال کے حوالے سے اظہار خیال کیا، اجلاس میں (ق) کے ارکان کی اکثریت حکومت کا ساتھ جاری رکھنے کی حامی تھی اور وفاق کی بجائے زیادہ تر پنجاب بارے شکایات سامنے آئیں۔

(ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر طارق بشير چيمہ نے عوامی مسائل حل نہ ہونے پر حکومت سےعليحدگی کی بات کی جب کہ وفاقی وزیرمونس الٰہی نے حکومت کو مزيد وقت دينے کی حمايت کی۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر باؤ رضوان نے بیورو کریسی اور حکومتی رویے کی خوب شکایات کیں، جب کہ کچھ ارکان نے شکوے شکایات کے حل کے لئے اتحاد کی سطح پر ٹھوس میکانزم پر زوردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چوہدری پرویز الٰہی کی زیرصدارت ہوا تھا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بڑھتی بیروزگاری اور مہنگائی، ڈالر، پیٹرول، بجلی، گیس کی بڑھتی قیمتوں اور امن وامان کی ابتر صورت حال کی بنا پر حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں؟ عام آدمی اذیت میں ہے، حکومت عوامی مشکلات کے تدارک میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔