برطانیہ میں اسپتال کے باہر کار خوفناک دھماکے میں تباہ

ویب ڈیسک  پير 15 نومبر 2021
ویمن کے اسپتال باہر دھماکا ایک کار ٹیکسی میں ہوا، فوٹو: ٹوئٹر

ویمن کے اسپتال باہر دھماکا ایک کار ٹیکسی میں ہوا، فوٹو: ٹوئٹر

لندن: برطانیہ میں لیور پول ویمن اسپتال کے مرکزی دروازے کے سامنے ایک کار میں ہونے والے زور دار دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں لیور پول ویمن اسپتال کے دروازے پر کار میں زور دار دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ یہ کار پرائیوٹ ٹیکسی تھی جس میں ایک شخص اسپتال آیا تھا۔

دھماکے میں کار کی پچھلی نشست پر بیٹھا شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس کا پہلے کہنا تھا کہ کار دھماکے میں دہشت گردی کے عنصر کے شواہد نہیں ملے تاہم اب اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا دہشت گردی کی کارروائی لگتی ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کی بنیاد پر کار دھماکے کے الزام میں تین ملزمان کو حراست میں لیا ہے جن کی عمریں 29 سے 21 سال کے درمیان ہیں۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔