بلغاریہ؛ کورونا وارڈ میں آتشزدگی سے 3 مریض ہلاک

ویب ڈیسک  پير 15 نومبر 2021
کورونا وارڈ میں آتشزدگی میں سگریٹ جلانے سے ہوئی، فوٹو: فائل

کورونا وارڈ میں آتشزدگی میں سگریٹ جلانے سے ہوئی، فوٹو: فائل

صوفیہ: بلغاریہ کے ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 3 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بلغاریہ کے ایک اسپتال کی چوتھی منزل میں کورونا وارڈ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ وارڈ میں کورونا کے تین مریض زیر علاج تھے جن میں سے دو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

تیسرے مریض کو شدید زخمی حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 66 ،70 اور 81 سال تھی۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران وارڈ مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گیا جب کہ 6 مریضوں کو  کورونا وارڈ سے متصل کمروں سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وارڈ میں آگ ایک مریض کی جانب سے سگریٹ جلانے کے باعث لگی۔ دوسری جانب  محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔

واضح رہے کہ بلغاریہ میں اس وقت کورونا کے 8 ہزار 178 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 745 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔