پی ڈی ایم والے اسلام آباد آئیں گے تو احسن طریقے سے معاملہ دیکھا جائے گا، شیخ رشید

ویب ڈیسک  پير 15 نومبر 2021
کوئی بھی مسئلہ ہو تو لوگ ڈی چوک آجاتے ہیں، شیخ رشید فوٹو: فائل

کوئی بھی مسئلہ ہو تو لوگ ڈی چوک آجاتے ہیں، شیخ رشید فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے اسلام آباد آئیں گے تو احسن طریقے سے معاملے کو دیکھا جائے گا۔

پولیس لائن ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ شہدا قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں، ان سے ہی وطن کی مٹی سرسبز ہوتی ہے، جرائم پر قابو پانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، پولیس پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اسلام آباد میں دسمبر سے پہلے اپنی فرانزک لیبارٹری کا کام شروع ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سرحدوں سے نہیں اندر کی سازشوں سے خطرہ ہے، ای وی ایم ہی ایک ذریعہ ہے جس سے انتخابات میں دھاندلی کو روکا جاسکتا ہے، اتحادیوں سے توقع ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کے قانون کے حق میں ووٹ دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اتنا احتجاج لندن کے ہائیڈ پارک میں نہیں ہوتا جتنا ڈی چوک میں ہوتا ہے، صوبوں کا مسئلہ ہو تو وہ بھی ڈی چوک پہنچ جاتے ہیں، پی ڈی ایم والے آئیں گے تو احسن طریقے سے معاملے کو دیکھا جائے گا، پی ڈی ایم قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گی تو ہماری طرف سے بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔