کورونا فیس ماسک کو اوون میں رکھ کر جراثیم سے پاک کریں

ویب ڈیسک  منگل 16 نومبر 2021
کپڑے یا روایتی ماسک کو اوون میں پانچ منٹ گرم کرنے سے کووڈ وائرس کی ننانوے فیصد مقدار تباہ ہوجاتی ہے۔ فوٹو: فائل

کپڑے یا روایتی ماسک کو اوون میں پانچ منٹ گرم کرنے سے کووڈ وائرس کی ننانوے فیصد مقدار تباہ ہوجاتی ہے۔ فوٹو: فائل

 نیویارک: سائنس دانوں نے کورونا وائرس والے ماسک کو پاک اور دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کا ایک بہت آسان حل پیش کیا ہے۔ اس کے لیے صرف اتنا کرنا ہوگا کہ ماسک کو چند منٹ تک اوون میں رکھ کر 70 درجے سینٹی گریڈ تک گرم کرنا ہوگا۔

اس طرح ایک ماسک کو بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے اور کووڈ سے پیدا ہونے والے کچرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے اوون گھروں میں موجود ہوتے ہیں جس میں صرف پانچ منٹ تک گرم کرکے اسے پاک صاف کیا جاسکتا ہے۔

یہ تحقیق جرنل آف ہازرڈوز مٹیریئل میں شائع ہوئی ہے۔ سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ استعمال شدہ ماسک کو اوون میں رکھ کر 70 درجے سینٹی گریڈ پر پانچ منٹ تک گرم کیا جائے تو اس طرح 99.9 سارس کوو ٹو وائرس تلف ہوجاتے ہیں۔ اس طرح سادہ طریقہ بہت آسانی سے ایف ڈی اے کی جراثیم کشی کے معیارات پر پورا اترتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طریقہ مستقبل میں کسی اور بڑی وبا میں بھی کام آسکتا ہے۔

یہ تحقیق رائس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈینیئل پریسٹن نے کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ عین یہی طریقہ کورونا کے علاوہ بھی دیگر کئی اقسام کے جراثیم کو آسانی سے تلف کرسکتا ہے۔

اس کے علاوہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بھی جراثیم کو مارا جاتا ہے لیکن بالائے بنفشی شعاعوں کی سہولت ہر گھر میں موجود نہیں ہوتی۔ دورسری جانب یہ شعاعیں ڈاکٹری لباس (پی پی ای) اور ماسک کی تہوں تک نہیں پہنچتی۔ اس کے مقابلے میں حرارت ہر جگہ نفوذ کرجاتی ہے اور اور وائرس کو بڑی حد تک تباہ کرڈالتی ہے۔

اس ضمن میں تحقیق بہت کم کی گئی تھی۔ لیکن مسلسل تحقیق سے ثابت ہوا کہ کپڑے کے ماسک بھی حرارت سے جراثیم سے مکمل طور پر پاک ہوجاتے ہیں۔ اب اگر روایتی ماسک کو پانچ منٹ سے زیادہ بھی گرم کیا جائے تو اس کے معیار پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی وہ کمزور ہوکر پھٹتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔