ٹی 20 ورلڈ کپ؛ ٹاپ 10بیٹسمینوں میں 2 پاکستانی شامل

اسپورٹس ڈیسک  منگل 16 نومبر 2021
رضوان کی تیسری پوزیشن،9 وکٹیں لے کر شاداب خان کا بولرز میں نواں نمبر ۔ فوٹو: آئی سی سی

رضوان کی تیسری پوزیشن،9 وکٹیں لے کر شاداب خان کا بولرز میں نواں نمبر ۔ فوٹو: آئی سی سی

 کراچی:  ورلڈکپ کے ٹاپ 10بیٹسمینوں میں 2 پاکستانی شامل رہے جب کہ نمبر ون بابر اعظم 300 رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد کھلاڑی ثابت ہوئے۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم پاکستان کو ٹائٹل تو نہ جتوا سکے مگر ان کا اپنا بیٹ خوب رنز اگلتا رہا،انھوں نے ٹورنامنٹ میں کسی بھی دوسرے کھلاڑی کی بانسبت نہ صرف زیادہ رنز بنائے بلکہ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے300 رنزکا سنگ میل عبور کیا۔

بابر نے مجموعی طورپر 6 میچز میں 60.60کی اوسط سے 303 رنز بنائے، اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 126.25 رہا، بابرکی سب سے بڑی انفرادی اننگز 70 رنز تھی، اس ٹورنامنٹ میں انھوں نے 5 چھکے اور 28 چوکے جڑے، آسٹریلوی وارنر 289 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جو7 اننگز میں اسکور کیے، اس دوران ایوریج 48.16 اور اسٹرائیک ریٹ 146.70 رہا، انھیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

پاکستانی اوپنر رضوان 281 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، انھوں نے 79 رنز کی ایک ناقابلِ شکست اننگز بھی کھیلی، اس دوران ان کی ایوریج 70.25 اور اسٹرائیک ریٹ 127.72 رہا۔ انھوں نے 12 چھکے اور 23 چوکے جڑے، انگلینڈکے جوز بٹلر 269 رنز بنا کر چوتھے اور سری لنکن اسالنکا 231 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ پر موجود بابر اور تیسرے نمبر کے حامل رضوان کے بعداگلے پاکستانی بیٹر فخر زمان 39 ویں درجے پر ہیں، جنھوں نے 27.25 کی اوسط سے 109 رنز بنائے۔

دوسری جانب بولرز میں ٹاپ پوزیشن پر سری لنکا کے وانندو ہسارنگا ڈی سلوا موجود ہیں، انھوں نے 16 وکٹیں 8 میچز میں 9.75 کی اوسط اور5.20 کے اکانومی ریٹ سے حاصل کیں۔ اس فہرست میں پاکستان کے شاداب خان نویں نمبر پر ہیں جنھوں نے 9 وکٹیں 15.33 کی ایوریج سے اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔