ضلع وسطی میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں مکینوں کیلیے عذاب بن گئیں

اسٹاف رپورٹر  منگل 16 نومبر 2021
سڑک کی مرمت ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہو یا کے ایم سی کی اسکا تعین کر کے فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر شروع کرائی جائے،شہری ۔ فوٹو : فائل

سڑک کی مرمت ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہو یا کے ایم سی کی اسکا تعین کر کے فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر شروع کرائی جائے،شہری ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں مکینوں کے لیے عذاب بن گئیں۔

متعلقہ اداروں کی نااہلی، بے حسی اور مجرمانہ غفلت کا خمیازہ شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی صورت میں روزآنہ کی بنیاد پر برداشت کرنا پڑ رہا ہے.

شہریوں کا کہنا ہے کہ طاہر ولا چورنگی سے عائشہ منزل چورنگی جانے والی سڑک کا کچھ حصہ انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے جس میں نہ صرف گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں بلکہ ناہموار سڑک کی وجہ سے صبح کے اوقات میں دفاتر اور دیگر کام کاج پر جانے والے شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے.

اسکولوں کی چھٹی کے اوقات میں بھی مذکورہ سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں دکھائی دیتی ہیں جبکہ سڑک پر موجود گھروں کے مکینوں کو بھی ٹریفک جام کی وجہ سے گھروں سے گاڑیاں نکالنے اور آنے جانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک کی مرمت ڈی ایم سی سینٹرل کی ذمہ داری ہے یا کے ایم سی کی ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہمارا مطالبہ وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ہے کہ وہ اس بات کا تعین کریں اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں زبوں حالی کا شکار سڑکوں کی مرمت کے کام فوری طور پر شروع کرایا جائے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ناگن چورنگی فلائی اوور سے انڈہ موڑ جانے والی سڑک سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی کے دور سے تاحال زبوں حالی کا شکار ہے اور اس سڑک سے جس ذہنی ازیت کے ساتھ شہریوں کو وہاں سے گزرنا پڑ رہا ہے اس کا احساس نہ تو سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل کو تھا اور نہ ہی اس وقت سرکاری عہدوں کے مزے لوٹنے والے افسران کو ہے جبکہ شارع نورجہاں پر سفر کرنا بھی شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔