پاکستان کی مقبوضہ کشمیرمیں4کشمیریوں کےماورائے عدالت قتل کی مذمت

ویب ڈیسک  منگل 16 نومبر 2021
 مقبوضہ کشمیرمیں طاقت کااستعمال کشمیریوں کی جدوجہد دبا نہیں سکتا، ترجمان دفترخارجہ

مقبوضہ کشمیرمیں طاقت کااستعمال کشمیریوں کی جدوجہد دبا نہیں سکتا، ترجمان دفترخارجہ

 اسلام آباد: مقبوضہ کشمیرمیں غیرقانونی حراست اورماورائے عدالت قتل معمول ہیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان کا بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید چارکشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔بھارتی فورسزیکم اکتوبرسے اب تک جعلی مقابلوں اورکارروائیوں میں کم ازکم پچیس کشمیریوں کوشہید کرچکی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل،غیرقانونی حراست،ہراساں کرنا اوربنیادی آزادیوں پرپابندی معمول بن چکا ہے۔بھارت کوسمجھنا چاہئیے طاقت کا بے تحاشا استعمال اوروحشیانہ پابندیاں کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کودبا نہیں سکتیں۔کشمیری بھارت کی ریاستی دہشتگری کیخلاف منصفانہ مقصد کے لئے پرعزم ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے ساتھ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت جامع ڈوزئیرمیں پیش کئے ہیں۔عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے لئے بھارت کوجواب دہ بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔