مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑوں پربرفباری، سردی بڑھ گئی

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 7 فروری 2014
 چترال میں شدید برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ہے، لواری ٹنل ٹریفک کے لیے بند ہے۔ فوٹو: اے پی پی

چترال میں شدید برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ہے، لواری ٹنل ٹریفک کے لیے بند ہے۔ فوٹو: اے پی پی

لاہور: ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ٹریفک حادثات، چھتیں گرنے کے واقعات میں 2 نوجوان جاںبحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور میں سارا دن وقفے وقفے سے بارش جاری رہی، نشتر کالونی میں  موٹر سائیکل پر سوار21 سالہ نوجوان ساجد تیز رفتاری کے باعث میٹرو بس کے جنگلے سے ٹکراکر جاں بحق ہوگیا، شیرشاہ پل کے قریب نوجوان عامر موٹر سائیکل  سلپ ہونے کے باعث فٹ پاتھ سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا، رائیونڈ میں زیرتعمیر فیکٹری کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 مزدور، ریس کورس کے علاقے میں سائن بورڈ گرنے سے موٹرسائیکل سوارمیاں بیوی اور شیرا کوٹ میں شٹرگرنے سے دکان مالک زخمی ہوگیا۔ اوکاڑہ اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی موسلادھاد بارش ہوئی۔ ساہیوال میں بھی وقفے وقفے سے سارا دن بارش ہوتی رہی۔ بچی کی میں بارش سے بازار جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے۔

 photo 11_zpsf285d19a.jpg

راولپنڈی میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، نالہ لئی میں درمیانے درجے کا سیلاب رہا۔ این این آئی کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں مالم جبہ، کالام، میاندم اور چترال میں چوتھے روز بھی برفباری سے لواری ٹنل سمیت متعدد راستے بند ہیں،بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پارا چنارمیں 39 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لاہور میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی، کم از کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سنٹی گریڈ رہا جبکہ آئندہ 24 گھنٹو ں کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگود ھا، ساہیوال، ملتان، مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر ، گلگت بلتستان، کوئٹہ، قلات، ژوب میں مزید بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔