بنگلادیش سے سیریز؛ پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے لگا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 نومبر 2021
رضوان بھی ایکشن میں نظر آئے،بابراعظم اورر شعیب ملک ڈھاکا پہنچ گئے۔ فوٹو : فائل

رضوان بھی ایکشن میں نظر آئے،بابراعظم اورر شعیب ملک ڈھاکا پہنچ گئے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: بنگلادیش سے سیریز کیلیے پاکستان اسپن کا جال مضبوط بنانے لگا جب کہ میرپور اکیڈمی میں سلو بولرز نے عبوری ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی طویل سیشنز کیے۔

بنگلادیش میں موجود پاکستانی اسکواڈ نے گذشتہ روز بھی میر پور اکیڈمی میں مشقوں سے لہو گرمایا، گرین شرٹس نے 3گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ٹریننگ کا آغاز وارم اپ سے کرنے کے بعد فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا، بعد ازاں کھلاڑی بولنگ اوربیٹنگ پریکٹس میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے سرگرم رہے،اس دوران اسپنرز نے طویل سیشنز کیے۔

عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے شاداب خان،عماد وسیم،محمد نواز اور عثمان قادر کو قیمتی مشورے دیے،افتخار احمد نے بھی اسپن بولنگ بہتر بنانیپر کام کیا، پیسرز لائن و لینتھ بہتر بنانے کیلیے کوشاں نظر آئے،بولنگ کنسلٹنٹ ورنون فلینڈر نے وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی پر خاص توجہ دی، وہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی اچھی گیندوں پر تالیاں بجا کر داد بھی دیتے رہے۔

بیٹسمینوں کی توجہ پاور ہٹنگ پرمرکوز رہی، سب نے پہلے پیس اور بعد ازاں اسپن بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے اچھے اسٹروکس کھیلے، پہلے روز آرام کرنے والے محمد رضوان بھی نیٹ میں بیٹنگ کرتے نظر آئے۔

دریں اثناء اسکواڈ کی دبئی روانگی کے وقت کمرشل شوٹ کی وجہ سے ہمراہ نہ آنے والے کپتان بابر اورر آل راؤنڈر شعیب ملک گذشتہ روز ڈھاکا پہنچ گئے، دونوں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کیلیے سیمپل جمع کرلیے گئے، ایک روزہ قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد وہ بدھ کواسکواڈ جوائن کرلیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ19 نومبر کو کھیلا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔