آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے5 رشتے دار ٹریفک حادثے میں ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 17 نومبر 2021
گاڑی ایل پی جی سلنڈرز سے بھرے ہوئے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی اور حادثہ پیش آگیا، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

گاڑی ایل پی جی سلنڈرز سے بھرے ہوئے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی اور حادثہ پیش آگیا، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

ممبئی: آنجہانی بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے 5 رشتے داروں سمیت 6 افراد بھارتی ریاست بہار کے ضلع لکھی سرائی کے نیشنل ہائی وے 333 میں ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے افراد سشانت سنگھ راجپوت کے بہنوئی او پی سنگھ جو کہ ہریانہ کے پولیس آفیسر ہیں کی بہن کی آخری رسومات میں شرکت کرکے منگل کی صبح جموئی جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور سوگیا تھا جس کی وجہ سے گاڑی ایل پی جی سلنڈرز سے بھرے ہوئے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی اور حادثہ پیش آگیا۔

لکھی سرائی ضلع کے سپرٹنڈنٹ سشیل کمار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک خوفناک حادثہ قرار دیا۔ حادثے میں گاڑی کے ڈرائیورسمیت 6 افراد ہلاک ہوئےجب کہ 4 افراد زخمی ہیں، جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد سشانت سنگھ راجپوت کے دور کے رشتے دار تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی بہار کے وزیر اور سشانت سنگھ راجپوت کے رشتے دار نیرج سنگھ ببلو حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے جموئی پہنچے۔

واضح رہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ برس 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ممبئی پولیس نے تصدیق کی تھی کہ 34 سالہ اداکار نے پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔