پی ٹی آئی پہلے دن سے وینٹی لیٹر پر تھی اب اختتام کے نزدیک ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  بدھ 17 نومبر 2021
ملک کو تباہی سے نکالنے کے لیے شفاف انتخابات ہی واحد راستہ ہیں، مریم نواز۔(فوٹو: فائل)

ملک کو تباہی سے نکالنے کے لیے شفاف انتخابات ہی واحد راستہ ہیں، مریم نواز۔(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے دن سے وینٹی لیٹر پر تھی اور اب یہ اختتام کے نزدیک ہے۔ 

‏اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کی شان دیکھ رہی ہوں، ہمیں یقین تھا کہ ظالم کے دن گنے جاتے ہیں، اور ایک دن سچ سامنے آئے گا۔ اتنا جلدی آئے گا یہ یقین نہیں تھا، وہی جعلی حکومت اور عدالتیں ہیں، وہی طاقت کا غلط استعمال ہے، وہی سازشی آج موجود ہیں، لیکن قدرت کا نظام دیکھیں کہ نواز شریف کے حق میں گواہی عدلیہ کے اندر سے سامنے آئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکرادا کرتے ہیں کہ ہمارے خلاف سازش بے نقاب ہوئی، جج ارشد ملک مرحوم نے اپنی زندگی میں نوازشریف کے حق میں گواہی دی تھی،  ان کی ویڈیو کی تحقیقات کے بجائے انہیں ہی نوکری سے نکال دیا، شوکت عزیز صدیقی نے دوران نوکری نواز شریف کے حق میں گواہی دی، اور انہیں سچ بولنے کی پاداش میں سپریم جوڈیشل کونسل لے جایا گیا، آج بڑی گواہی عدلیہ کے اندر سے سامنے آئی، گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کی گواہی سب کے سامنے ہے، جی بی کے جج کے انکشافات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے، جس ملک میں منصف کوانصاف نہ ملے تو اس میں عام آدمی کا کیا حال ہوگا، عدالت نے صحافی کو بھی پیغام رساں ہونے پر توہین کا نوٹس جاری کردیا، جب کہ ثاقب نثار عدالت کے سامنے پیش ہونے کے روادار نہیں اور انہوں نے یہ کہہ کر پلا جھاڑ لیا کہ میں کیوں آؤں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ثاقب نثار کس طرح قانون سے ماورا ہیں؟ رانا شمیم کے سابق چیف جسٹس پر الزامات سب کے سامنے ہیں، ثاقب نثار نے فون پر گارنٹی لی کہ نوازشریف اور مریم کو الیکشن سے پہلے ضمانت نہیں دی جائے گی، ثاقب نثار نے ہمارے ایم پی ایز کو شیر کے نشان پر الیکشن لڑنے سے روکا، پاناما کی ذلت کا سفر ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوا، انہوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ناانصافی کی، جھوٹے مقدمات میں وزیراعظم کو عدالتوں کے چکر لگوائے گئے، ہم نے جعلی مقدمات میں 200 سے زائد پیشیاں بھگتیں، انصاف کا تقاضا یہ تھا بلا کر سنا جاتا، سب سے پہلے نوٹس سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو جانا چائیے، ثاقب نثار نے انصاف کے قتل کی تاریخ بنادی، منتخب وزیراعظم کو جعلی سزا دلوائی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو تباہی سے نکالنا ہے تو شفاف الیکشن ہی راستہ ہے، ان ہاؤس تبدیلی کیلئے کسی کی مدد نہیں لیناچاہتے، قدرت کی طرف سے سزا کا آغاز ہو چکا ہے، چلتا پھرتا ایک انسان عبرت کانشان بنا ہے، یہ سزائیں قدرت نے ان کے ماتھے پر لکھ دی ہیں، نیب میرے کیس کو روز چلانا چاہتی ہے اور آج وہ خود ہی وقت مانگ رہےتھے، پی ٹی آئی پہلے دن سے وینٹلیٹر پر تھی اور اب اختتام کے نزدیک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔