ہتک عزت کیس؛ دوران سماعت صبا حمید علی ظفر کے وکیل پر برہم

محمد ہارون  بدھ 17 نومبر 2021
آپ ایسے سوالات نہ کریں کہ میں جس کے متعلق نہیں  جانتی، صبا حمید فوٹوفائل

آپ ایسے سوالات نہ کریں کہ میں جس کے متعلق نہیں جانتی، صبا حمید فوٹوفائل

لاہور: سیشن کورٹ میں علی ظفر کی جانب سے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت کے دوران گواہ صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔

لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے  کیس کی سماعت کی۔ میشاء شفیع کی گواہ صبا حمید عدالت میں پیش ہوئیں عدالت میں میشاء شفیع کی والدہ صبا حمید کے بیان پر جرح کی گئی صبا حمید علی ظفر کے وکیل کے تلخ سوالات پر برہم ہو گئیں۔

صبا حمید نے کہا کہ آپ ایسے سوالات نہ کریں کہ میں جس کے متعلق نہیں جانتی۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ آپ سولات کے واضح جواب دیں۔ علی ظفر کے وکیل نے پوچھا کہ میشاء شفیع واٹس ایپ گروپ میں لکھتی ہیں کہ میں اس جیمنگ سیشن کو خوبصورت ترین قرار دیتی ہوں۔

گواہ صبا حمید نے جواب دیا کہ میں اس واٹس ایپ گروپ میں نہیں ہوں، میرے خیال سے ہراسمنٹ کے بعد عورت کو مر جانا چاہئے، دوران جرح صبا حمید عدالت میں جذباتی ہو کر اونچا اونچا بولنے لگیں جس پرعدالت نے انہیں آہستہ بولنے کے لیے کہا۔

وکیل علی ظفر نے کہا کہ میں صرف سوالات ہی پوچھ رہا ہوں آپ سے لڑ تو نہیں رہا، وکیل علی ظفر نے مزید پوچھا کہ میشاء شفیع اسی تصویر کو فیس بک اکاؤنٹ پر جیمنگ سیشن کے تین دن بعد لگاتی ہیں کہ علی ظفر کے ساتھ یہ یاد گار رہا۔

گواہ صبا حمید نے کہا یہ ہو سکتا ہے لیکن مجھے یہ پوسٹ یاد نہیں ہے۔ سوال پوچھا گیا کہ میشاء شفیع نے عفت عمر کو کیا بتایا تھا صبا حمید نے کہا کہ مجھے اس بات کا کنفرم نہیں ہے لیکن میں نے عفت عمر کو بتایا تھا۔ اس دوران صبا حمید کے وکیل نے کہا کہ اگر ایسی بات ہے تو ہم اپنے ویڈیو لنک کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔

وکیل علی ظفر نے کہا کہ اس پر ہم آج ہی بحث کر لیتے ہیں، وکیل علی ظفر نے پوچھا آپ یہ بتائیں کہ سچ کون بول رہا ہے آپ، عفت عمر یا میشاء شفیع؟ صبا حمید نے کہا کہ ہم تینوں سچ بول رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔