جان ابراہم کی فلم کا گانا نورا فتیحی کے لیے جان لیوا بنتے بنتے رہ گیا

ویب ڈیسک  بدھ 17 نومبر 2021
گانے ’ کسو کسو‘ میں میرا لباس میری ہی جان لینے کے درپے تھا، نورا فتیحی ۔( فوٹو: فائل)

گانے ’ کسو کسو‘ میں میرا لباس میری ہی جان لینے کے درپے تھا، نورا فتیحی ۔( فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی وڈ ڈانسر واداکارہ نورا فتیحی کا جان ابراہم کی فلم کے نئے گانے کی شوٹنگ کے دوران دم گھٹتے گھٹے رہ گیا۔

بالی وڈ کے مشہور گانے ’ دلبر دلبر ‘ کو اپنے ہوش رُبا ڈانس سے دوبارہ زندہ کردینے والی نورا فتیحی کسی تعارف کی محتا ج نہیں، بات چاہے ’دلبر‘ کی ہو یا ’ساقی‘ کی نورا ڈانسنگ اسکلز کی بدولت اپنے ناظرین کو محظوظ کرتی رہتی ہیں حال ہی میں انہوں نے جان ابراہم کی فلم ستیامیو جیتے 2 کے گانے ’ کسو کسو‘ کی شوٹنگ مکمل کی۔ اس گانے کو ریلیز کے ایک ہفتے کے اندر ہی ساڑھے 5 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس گانے میں بیلے ڈانس کے جلوے بکھیرتی نورا کا لباس اس کی جان لینے کے درپے تھا؟

اس بات کا انکشاف نورا فتیحی نے حال ہی میں فلم ’ ستیامیو جیتے 2‘ کے گانے ’کسو کسو‘ کی شوٹنگ کا تجربہ اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کیا۔ نورا فتیحی کا کہنا ہے کہ اس  گانے کی عکس بندی کے لیے جس لباس کا انتخاب کیا گیا اس کا گاؤن میرے باڈی سوٹ کے ساتھ منسلک تھا اور اسے نیکلیس کے ساتھ باندھا گیا تھا۔

بھاری لباس کی وجہ سے ہار میرے گلے میں پھنس کر سانس روک رہا تھا اور اس کی وجہ سے میرے گلے پر خراشیں بھی پڑ گئیں۔ تاہم پھر بھی میں نے اس وزنی لباس کے ساتھ 6 گھنٹے تک شوٹنگ جاری رکھی۔

نورا فتیحی کہتی ہیں کہ شوٹنگ کرتے وقت چوٹ لگنا، خون نکلنا یا اس طرح کے واقعات اکثر ہوتے ہیں لیکن میرا یہ تجربہ سب سے مختلف رہا، ایسا لگ رہا تھا کہ کسی نے میرے گلے میں رسی باندھ رکھی ہے اور مجھے فرش پر گھسیٹ کر لے جا رہا ہے لیکن چونکہ ہمارے پاس شوٹنگ کے لیے محدود وقت تھا اس لیے میں نے شوٹنگ جاری رکھی اور اس سیکونس کو مکمل کرنے کے بعد ہی وقفہ لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔