باباگورونانک کاجنم دن منانے بھارتی یاتری پاکستان پہنچ گئے

آصف محمود  بدھ 17 نومبر 2021
بھارتی پنجاب کے وزیراعلی چرن جیت سنگھ چنی اورسابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوآج راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب آئیں گے۔(فوٹو: ایکسپریس)

بھارتی پنجاب کے وزیراعلی چرن جیت سنگھ چنی اورسابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوآج راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب آئیں گے۔(فوٹو: ایکسپریس)

 لاہور: باباگورونانک کاجنم دن منانے پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں میں کئی ایسے ہیں جوپہلی بارپاکستان آئے ہیں اوروہ اپنے آبائی گھراورعلاقے دیکھناچاہتے ہیں، واہگہ سرحدعبور کرتے ہی کئی سکھ یاتری پاکستان کی دھرتی پرخوشی سے آبدیدہ اورسجدہ ریزا ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کےروز واہگہ بارڈر کے راستے 2800 سکھ یاتری باباگورونانک دیوجی کا 552 واں جنم منانے پاکستان پہنچے۔ بھارت سے براستہ واہگہ پاکستان پہنچنے والے بھارتی یاتریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارے لیے انتہائی مقدس ہے، یہ ناصرف ہمارے گورو بلکہ ہمارے اجداد کی دھرتی ہے، پاکستانیوں کی محبت، پیاراوراحترام بارباریہاں کھینچ لاتا ہے۔

واہگہ بارڈر پرمتروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرعامراحمد، ایڈیشنل سیکرٹری راناشاہد، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارامیر،سنگھ ، سابق پردھان سرداربشن سنگھ اورستونت سنگھ نے بھارتی مہمانوں کوہارپہناکران کوخوش آمدید کہا، پاکستان کی طرف سے بھارتی یاتریوں کو 10 دن کا ویزادیا گیاہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرعامراحمد نے کہا بھارت سمیت مختلف ممالک سے آنیوالے یاتریوں کو بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں گی، ان کی سیکیورٹی ،قیام وطعام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
بھارتی پنجاب سے سے آنےوالی راجیندرکورکا کہنا تھا وہ اپنے داداجی سے لاہور اوراپنے آبائی علاقے شیخوپورہ کی کہانیاں سنتی تھیں، آج وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں پاکستان آنے کاموقع ملاہے، ان کے داداجی توزندہ نہیں ہیں تاہم ان کے والدین حیات ہیں اور وہ ان کے لیےآبائی گاؤں کی مٹی لے کر جائیں گی۔

سردارچرن جیت سنگھ نے بتایا ان کے آباؤاجدادگوجرانوالہ سے تعلق رکھتے تھے ،انہیں خوشی ہے کہ وہ آج ناصرف اپنے گوروکی دھرتی بلکہ اپنے اجدادکی سرزمین کودیکھنے آئے ہیں، اپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کرسکتے۔
واہگہ کے راستے آنےوالے سکھ یاتریوں کوامیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کے بعد خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کردیا گیا جہاں جنم دن کی مرکزی تقریب 19 نومبرکوہوگی۔ بھارتی یاتری 24 نومبرکو کرتارپورصاحب کادورہ کریں گے

علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے ڈیڑھ سال سے زائدعرصہ بعد کرتارپور راہداری کھول دی ہے تاہم ابھی تک راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب کرتارپورآنے کے لئے آن لائن رجسٹریشن بحال نہیں کی گئی ہے، بھارت سے 50 سے زائد یاتری راہداری کے راستے گورودارہ دربارصاحب پہنچے۔ کرتارپورپراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ اور سکھ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارامیرسنگھ نے ان کا استقبال کیا۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی چرن جیت سنگھ چنی اورسابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوآج (جمعرات ) کوراہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب آئیں گے، سردارامیرسنگھ اورسرداربشن سنگھ ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راہداری کے راستے کرتارپورصاحب آنے کےلیے بھارتی حکومت یاتریوں کی آن لائن رجسٹریشن کرتی ہے اوروہ ڈیٹا پاکستانی امیگریشن حکام کے ساتھ شیئرکیاجاتاہے۔ بھارتی حکومت نے 17 نومبرکوراہداری کھول دی ہے تاہم ابھی تک آن لائن اپلائی کے لئے ویب پورٹل کوفعال نہیں کیاہے۔

ذرائع کاکہنا ہے 17 نومبرکو جوبھارتی یاتری کرتارپور راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب آئے انہوں نے 16 مارچ 2020 جب راہداری کورونا کی وجہ سے بند کی گئی اس سے قبل آن لائن اپلائی کیاتھا اوران کی کلیئرنس ہوچکی تھی جب کہ آج راہداری کے راستے جوجتھہ آئےگا اس کوخصوصی اجازت دی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔