ملیر میں ڈاکوؤں نے نوجوان کو قتل کرکے 16 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی

ویب ڈیسک  بدھ 17 نومبر 2021
پولیس مقتول کے ساتھ بینک جانے والے کمپنی کے دیگر افراد کی مدد سے ڈاکوؤں کے حلیے سے متعلق بھی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔(فوٹو: فائل)

پولیس مقتول کے ساتھ بینک جانے والے کمپنی کے دیگر افراد کی مدد سے ڈاکوؤں کے حلیے سے متعلق بھی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔(فوٹو: فائل)

 کراچی: ملیر سٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، مقتول کمپنی کے دیگر افراد کے ہمراہ بینک سے ساڑھے 16 لاکھ روپے نکلوا کر جیسے ہی اپنے دفتر پہنچا تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں ںے گولی مار کر نقدی لوٹ لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو بینک سے رقم نکلوا کر دفتر آنے والے شخص کو قتل کرکے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او ملیر سٹی انسپکٹر چوہدری محمد اسلم نے بتایا کہ واقعہ ملیر کے علاقے سلیمان ٹاور رضا موبائل مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جس میں مقامی کمپنی کے تین ملازمین بینک سے 16 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی نکلوا کر جیسے ہی اپنے دفتر پہنچے توتعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے 28 سالہ توقیر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

انہوں ںے بتایا کہ مقتول موٹر سائیکل پر عقب میں بیٹھا ہوا تھا اور لانڈھی کا رہائشی تھا، پولیس نے مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔ پولیس جائے وقوعہ پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز کی مدد سے ڈاکوؤں کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا سکے۔ جب کہ پولیس مقتول کے ہمراہ کمپنی کے دیگر افراد کی مدد سے ڈاکوؤں کے حلیے سے متعلق بھی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔