پچزکی صورتحال اچھی نہیں،چیئرمین بورڈ کا اعتراف

عباس رضا  جمعرات 18 نومبر 2021
بابراعظم اور رضوان کی اوپننگ جوڑی سے چھیڑ چھاڑ کا امکان مسترد
 فوٹو: فائل

بابراعظم اور رضوان کی اوپننگ جوڑی سے چھیڑ چھاڑ کا امکان مسترد فوٹو: فائل

 لاہور: ملک میں پچزکی صورتحال اچھی نہیں،چیئرمین بورڈ نے اعتراف کر لیا۔

چیئرمین بورڈ نے ورچوئل میڈیا کانفرنس میں کہاکہ قائد اعظم ٹرافی میں متعدد ہائی اسکورنگ اور ڈرا میچز اچھی بات نہیں،اگر ملکی کرکٹ میں مقابلے کی فضا نہیں ہوگی تو عالمی سطح پر اچھا پرفارم کس طرح کرسکیں گے،ملکی پچز کی صورتحال اچھی نہیں ہے، اسی لیے میں کیوریٹر آغا زاہد کو واپس لایا ہوں، مجھے یہ مسائل ورثے میں ملے ہیں، چیزیں شروع سے کرنا پڑ رہی ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ کس حال میں کرکٹ چھوڑ کر گئے ہیں یہ لوگ۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کو توڑ کر جوز بٹلر جیسا کوئی جارح مزاج بیٹسمین لانے کے سوال پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ابھی پاکستان کے بیٹنگ وسائل اتنے نہیں کہ اوپنرز سے چھیڑ چھاڑ کریں، وسائل ہوں تو زیادہ تجربات بھی آسانی سے کر سکیں گے، آسٹریلیا میں آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے پلان میرے ذہن میں ہیں، وقت آنے پر تفصیلات بتاؤں گا، ہم اچھی تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ یواے ای میں ہونے والے ورلڈکپ میں ہم نے کپتان بابر اعظم کو مرضی کی ٹیم اور آزادی دی، کھلاڑیوں نے ساتھ دیا تو انھوں نے بطور کپتان بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پہلی پریس کانفرنس میں بابر اعظم کی ٹیسٹ کپتانی پر غور کرنے کا یاد دلانے پر رمیز راجہ نے کہا کہ میں نے کوئی فیصلہ تو نہیں کیا تھا،صرف اتنی بات کی تھی کہ ابھی ان کو جانتا نہیں، جان لوں گا تو فیصلے میں آسانی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔