سندھ، بلوچستان میں آٹا سستا نہ ہونے پر مشیر خزانہ ناراض

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 18 نومبر 2021
 دال مونگ، پیاز سستے ہوئے،ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس۔ فوٹو: فائل

 دال مونگ، پیاز سستے ہوئے،ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ شوکت ترین سندھ اور بلوچستان میں آٹا سستا نہ ہونے پر ناراض ہوگئے۔

وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں کیخلاف پر عزم ہے،ذ خیرہ اندوزی کے خاتمے کیلیے قانون پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا، مشیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ملک میں گندم، چینی، دالوں، مرغی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کوملک میں ہفتہ وار حساس قیمتوں کے اشاریہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا اور 15اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دال مونگ اور پیاز کی قیمتوں میں اس ہفتے میں نمایاں کمی رہی ہے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی مقررہ قیمت 11 سو روپے اسلام آباد صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومتوں کی فعال کوشش کی وجہ سے اس ہفتے بھی برقرار ہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔