حکومتِ پنجاب کی جانب سے لاہور میں ’ہنر روزگار میلہ 2021‘ کا انعقاد

ایکسپریس رپورٹر  جمعرات 18 نومبر 2021
پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال، ہنر روزگار میلہ 2021 کا افتتاح کررہے ہیں۔ (فوٹو: ٹیوٹا)

پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال، ہنر روزگار میلہ 2021 کا افتتاح کررہے ہیں۔ (فوٹو: ٹیوٹا)

لاہور: پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب بہترین پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کی جانب سے لاہور میں مشترکہ طور پر منعقدہ ’ہنر روزگار میلہ 2021‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

اس روزگار میلے کا مقصد اہلیت کی بنیاد پر تربیت یافتہ اور فارغ التحصیل افراد کو حصولِ ملازمت میں مدد فراہم کرنا ہے۔

اس سرگرمی کو ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر سپورٹ پروگرام (ٹی وی ای ٹی ایس ایس پی) اور پروگرام مائیگریشن فار ڈیویلپمنٹ (پی ایم ای) کا تعاون حاصل تھا جو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) اور حکومتِ جرمنی کی کارپوریشن برائے عالمی تعاون (جی آئی زیڈ) کے اشتراک سے رُو بہ عمل ہے۔

لاہور میں ہنر روزگار میلہ 2021، ٹی وی ای ٹی سے فارغ التحصیل افراد، گریجویٹ ہونے والے ٹرینیز اور جرمنی و دیگر ممالک سے واپس آنے والوں کےلیے نوکری حاصل کرنے کا ایک پلیٹ فارم تھا۔

اس میلے کے ذریعے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) پنجاب نے صوبے کے تربیتی اداروں کی مہارت کو کامیابی سے پیش کیا جو ترجیحی اقتصادی شعبوں میں قابلیت پر مبنی تربیت نافذ کر رہے ہیں۔ ان اداروں کو ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام کا تعاون حاصل ہے۔

افتتاحی تقریب میں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری جناب میاں محمد اسلم اقبال نے کہا، ’’حکومت پنجاب کا مقصد ہے کہ پاکستان میں بہترین پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو۔ آج تمام گریجویٹس کو صنعت میں ملازمت کا انتخاب کرتے ہوئے دیکھنا صنعت کی مانگ کے عین مطابق ہماری تربیت کے معیار کا اعتراف کرتا ہے۔‘‘

پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے تعاون کے سربراہ، مسٹر اوویڈیو مائک نے کہا: ’’2011 سے قومی اور صوبائی سطح پر ٹی وی ای ٹی کے شعبے کےلیے ہمارے تعاون کے ذریعے پاکستان میں ٹی وی ای ٹی نظام کا معیار بہتر کیا گیا ہے جس سے ملازمتوں کے مواقع اور معاشی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔ آج کے ہنر روزگار میلے کے مشاہدے سے ہمیں بہت خوشی ہوئی۔ ہمیں یقین ہے کہ TVET  سیکٹر سپورٹ پروگرام کے ذریعے لائی جانے والی اصلاحات پاکستان میں ڈیمانڈ پر مبنی پائیدار ٹی وی ای ٹی نظام کےلیے معاون ثابت ہوں گی۔

مقررین اور مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئےعلی سلمان صدیقی، چیئرپرسن پنجاب ٹیوٹا نے کہا، ’’ہنر روزگار میلہ 2021 ایک بہترین اقدام ہے اور پیشہ ورانہ اور تکنیکی تجارت میں تربیت یافتہ سیکڑوں نوجوانوں ملازمت کے متلاشی افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے والے معروف کاروباری اداروں کے پیشہ ور افراد اور ایچ آر سے ملانے کےلیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔‘‘

ٹی وی ای ٹی گورننس، نصاب کی ترقی، ورکشاپ کے ساز و سامان، اساتذہ اور پرنسپل کی تربیت و تشخیص کاری، نجی شعبے کی شمولیت کےلیے جامع تعاون کے علاوہ ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام نے حال ہی میں ایک اضافی جزو شامل کیا ہے جس میں واپس آنے والے تارکین وطن اور مقامی آبادیوں کے سماجی و اقتصادی طور پر ملک میں دوبارہ انضمام، مہارت، کیریئر کاؤنسلنگ، اور بزنس اسٹارٹ اپ اقدامات کے ذریعے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اسی طرح، پی ایم ای پاکستانی جرمن فیسی لیٹیشن اینڈ ری انٹیگریشن سینٹر کے ذریعے متعلقہ اہم منصب، یعنی عوامی اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ واپس آنے والے تارکین وطن اور مقامی آبادی کےلیے موجودہ خدمات کو وسعت دی جاسکے۔

روزگار میلہ کی تقریب میں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال، پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکن عندلیب عباس اور چیف ایڈوائزر ٹیوٹا، اسکلز پالیسی پنجاب عثمان خان بھی موجود تھے۔

ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام کے 21 مختلف اداروں کے تقریباً 1,100 فارغ التحصیل اور تربیت یافتہ افراد نے 1,400 روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے 32 قومی اور بین الاقوامی انٹرپرائزز کے ریکروٹمنٹ کیوسک کا دورہ کیا۔ گریجویٹس نے پاکستان کے معروف اقتصادی شعبوں میں 64 سے زائد ریکروٹرز کے سامنے انٹرویو کی مہارتوں کا اطلاق کیا۔

پی جی ایف آر سی کی طرف سے ’نئے مواقع کی واپسی‘ کے سہولت ڈیسک کا بہت سے واپس آنے والوں نے روزگار، کاروبار اور اسٹارٹ اپ ڈیویلپمنٹ کو فروغ دینے اور سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور ایسے معاون اقدامات اور پاکستان میں نوکری تلاش کرنے کےلیے عمومی مشاورت کےلیے دورہ کیا۔

پاکستان کی رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس نے کہا، ’’ٹی وی ای ٹی میں نجی شعبے کی شمولیت نوجوانوں کےلیے معیاری ہنر حاصل کرنے، ملازمت کے دوران تربیت کے مواقع تک رسائی اور نوجوانوں کےلیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔‘‘

مسٹر اولاف ہینڈلوگٹن، جی آئی زیڈ کلسٹر کوآرڈینیٹر (ملازمتوں کےلیے تربیت اور پائیدار ترقی) نے کہا کہ ہنر روزگار میلہ 2021 نے پاکستان کے ٹی وی ای ٹی سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی نمائش کی ہے، جس میں حکومت پاکستان کی روزگار کے فروغ اور مہارتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹی وی ای ٹی کے شعبے میں کام کرنے والی کاروباری اور صنعتی انجمنوں کی شمولیت کےلیے عزم واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔

چیف ایڈوائزر ٹیوٹا، اسکلز پالیسی پنجاب، عثمان خان نے کہا کہ وہ ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام اور پنجاب ٹیوٹا کے نتائج خاص طور پر انڈسٹری سے رابطوں اور شمولیت کو دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ ٹیوٹا کے تربیت یافتہ افراد کےلیے تربیت کے معیار اور روزگار کے امکانات کو بہتر بنانے کےلیے ٹیوٹا اور تجارتی شعبے کے درمیان مزید مضبوط تعاون اور اشتراک کی خواہش اور توقع رکھتے ہیں۔

’معاشی استحکام کےلیے روزگار اور کووڈ کے بعد کے منظر نامے میں ٹی وی ای ٹی میں نجی شعبے کا کردار‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن کے بعد، ہنر روزگار میلہ 2021 وزیراعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل (ای اے سی) کے رکن پروفیسر آف اکنامکس اور ڈائریکٹر، گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اسٹڈیز، لاہور اسکول آف اکنامکس ڈاکٹر راشد امجد، ڈیپلیکس گروپ کی سی ای او مسرت مصباح، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نعمان کبیر، چیئر پرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیقی اور پروگرام مائیگریشن فار ڈیویلپمنٹ آف جی آئی زیڈ پاکستان کے ٹیکنیکل ایڈوائزر برائے کیریئر کونسلنگ فیصل شبیر کے بصیرت افروز کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔