حکومت کا الیکشن کمیشن سے ووٹنگ مشین پر کام شروع کرنے کا مطالبہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 18 نومبر 2021
اب ہم الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، اس کی مرضی ہے وہ کون سی ووٹنگ مشین سلیکٹ کرتی ہے، وفاقی وزیر (فوٹو : فائل)

اب ہم الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، اس کی مرضی ہے وہ کون سی ووٹنگ مشین سلیکٹ کرتی ہے، وفاقی وزیر (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے آئندہ عام انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی کرانے کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے الیکشن ترمیمی بل 2021ء پر عمل درآمد کے لیے کام شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کے قانون کے بعد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ اس پر عمل درآمد کرے اور ای وی ایم کا انتخاب کرے، یہ واضح ہے کہ آئندہ عام انتخابات ٹیکنالوجی کی مدد سے ہونے ہیں جب کہ اپوزیشن عدالت جانا چاہتی ہے تو بالکل جائے۔

ان کا کہنا تھا قانون سازی کے حوالے سے اپنا کام کرنے کے بعد اب ہم الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کون سی الیکٹرونک ووٹنگ مشین کو سلیکٹ کرتی ہے۔

یہ پڑھیں : الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے متعلق کنفیوژن کا شکار

وفاقی وزیر ای وی ایم پر اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کردیا اور کہا کہ اپوزیشن کا کام ای وی ایم کی مخالفت برائے مخالفت ہے، اپوزیشن کے مفاد میں نہیں کہ انتخابات شفاف ہوں، اپوزیشن عدالت جانا چاہتی ہے تو بالکل جائے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ انتخابات کی شفافیت کے لیے الیکشن کمیشن کو اپنی تجاویز دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔