اپوزیشن اپنے اختلافات ختم نہیں کرسکی حکومت کا کیا بگاڑے گی، شوکت یوسف زئی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 نومبر 2021
پیپلزپارٹی سندھ میں اقتدار کے مزے لے رہی ہے اور خیبر پختونخوا میں مظاہرے کر رہی ہے، صوبائی وزیر

پیپلزپارٹی سندھ میں اقتدار کے مزے لے رہی ہے اور خیبر پختونخوا میں مظاہرے کر رہی ہے، صوبائی وزیر

 پشاور: صوبائی وزیر محنت وثقافت شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ابھی تک اپنے اندرونی اختلافات ختم نہیں کر سکی لہذا حکومت کا کیا بگاڑے گی۔

صوبائی وزیر محنت وثقافت شوکت یوسف زئی نے مقامی ہوٹل میں تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی دوغلی سیاست کا شکار ہے، سندھ میں اقتدار کے مزے لے رہی ہے اور خیبر پختونخوا میں مظاہرے کر رہی ہے، اپوزیشن ابھی تک اپنے اندرونی اختلافات ختم نہیں کر سکی لہذا حکومت کا کیا بگاڑے گی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات منظور کرکے ثابت کر دیا کہ وہ ایک دوراندیش لیڈر ہیں، اپوزیشن کی ناکامیوں کی ایک لمبی فہرست ہے، سینیٹ سے لے کرقومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس تک ان کو ناکامی ہوئی،  اپوزیشن کے جلسوں میں صرف ان کے لیڈرز ہی ہوں گے اور عوام ان کے ساتھ کبھی نہیں نکلے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ  الیکٹرانک ووٹنگ مشین صاف و شفاف انتخابات کا راستہ ہموار کرےگی، اورسیز پاکستانی ہمارا فخر اور قوم کا اثاثہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا بہت بڑا کارنامہ ہے لہذا اپوزیشن کی مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔