ایف آئی اے کی بینکوں کو سائبر سیکیورٹی سسٹم مضبوط کرنے کیلیے تعاون کی پیشکش

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 نومبر 2021
ایف آئی اے کی نجی بینکوں کو سائبر سیکیورٹی سسٹم مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش پراسٹیٹ بینک کا خیر مقدم . فوٹو : فائل

ایف آئی اے کی نجی بینکوں کو سائبر سیکیورٹی سسٹم مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش پراسٹیٹ بینک کا خیر مقدم . فوٹو : فائل

 کراچی: ایف آئی اے نے نجی بینکوں کو سائبر سیکیورٹی سسٹم مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی جس کا اسٹیٹ بینک نے خیر مقدم کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے ہفتے کو منی لانڈرنگ ڈیجیٹل فراڈ اور سائبر حملوں کے خلاف باہمی تعاون کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کا مقصد منی لانڈرنگ، سائبر حملوں اور آن لائن فراڈ کا قلع قمع کرنے کی اسٹیٹ بینک، بینکوں اورایف آئی اے کی کوششوں کو مضبوط اور مربوط بنانا تھا۔ اجلاس میں بینکوں کے صدور اور ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکوں، اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وائٹ کالر جرائم کی تیزی سے تفتیش ہوسکے اور فراڈ کرنے والوں کو گرفتار کرکے مقدمات چلائے جاسکیں۔

اجلاس میں ایف آئی اے ٹیم نے بینکوں میں سائبر سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی اور تجویز دی کہ بینک اپنے سسٹمز کا انفارمیشن سیکیورٹی آڈٹ کرائیں۔

اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ موجودہ ضوابط کے مطابق بینکوں کے لیے لازم ہے کہ وہ باقاعدگی سے اطلاعی نظام کا آڈٹ اور پینی ٹریشن ٹیسٹنگ کرائیں تاہم پی بی اے کے توسط سے انڈسٹری پر اس حوالے سے پھر زور دیا جائے گا۔

اجلاس میں ان شعبوں میں اسٹیٹ بینک، ایف آئی اے اور بینکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے آئندہ کیے جانے والے اہم اقدامات اور ان سے متعلقہ نظام الاوقات کا تعین کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔