امریکا یوکرین میں سیاسی بحران بڑھا کر فوجی حکومت کے قیام کی سازش کررہا ہے، روس

رائٹرز  جمعـء 7 فروری 2014
 امریکی سفارتخانے میں باغیوں کو ٹریننگ اور اسلحہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، روس کا الزام۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

امریکی سفارتخانے میں باغیوں کو ٹریننگ اور اسلحہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، روس کا الزام۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ماسکو: یوکرین میں نئی حکومت کے قیام میں مداخلت کے حوالے سےامریکی سفارتکاروں کی خفیہ ویڈيو  کے منظر عام پر آنے کے بعد روس نے امریکا پر یوکرین  کے سیاسی بحران  کو بڑھا کر وہاں فوجی حکومت  کے قیام کی سازش  کا الزام عائد کردیا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق  روس نے ویڈیو میں ہونے والی گفتگو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے امریکا پر یوکرین کے سیاسی بحران میں مداخلت اور وہاں فوجی حکومت کے قیام کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ امریکی کی جانب سے یوکرین میں اپوزیشن اور باغیوں کو ہر ہفتے 2 کروڑ ڈالر دیئے جا رہے ہیں جب کہ امریکی سفارتخانے میں باغیوں کو ٹریننگ اور اسلحہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ  خارجہ کی سینئر اہلکار وکٹوریا نولینڈ اور یوکرین میں تعینات امریکی سفیر کے درمیان ایک ٹیلی فونک گفتگو کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد امریکا اور روس کے درمیان تعلقات میں نیا موڑ آگیا ہے،ویڈیو میں سینئر امریکی سفارتکار یوکرین کے سیاسی بحران اور وہاں نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔