صومالیہ میں نامور صحافی خودکش حملے میں جاں بحق

حملے کی ذمہ داری شدت پسند جماعت الشباب نے قبول کی ہے


ویب ڈیسک November 21, 2021
خودکش حملے میں نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر اور ڈرائیور زخمی ہوگئے، فوٹو: فائل

صومالیہ کے معروف صحافی عبدالعزیز محمد ایک خودکش حملے میں جاں بحق جب کہ نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب کے سخت ناقد صحافی اور ریڈیو موغادیشو کے ڈائریکٹر عبدی عزیز محمد ریسٹورینٹ سے واپسی پر گھر آرہے تھے کہ ایک خودکش بمبار نے ان کی کار کے نزدیک خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

دھماکا اتنا زوردار تھا کہ کار کے پرخچے اُڑ گئے، کار میں موجود عبدی عزیز شدید زخمی ہوگئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے جب کہ ان کے ڈرائیور اور نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔

حملے کی ذمہ داری حکمراں جماعت کی شدید مخالف شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ الشباب کے جنگجو صحافی عبدی عزیز کی تلاش میں کئی ماہ سے سرگرداں تھے۔

ایک بیان میں صومالیہ کے نائب وزیر اطلاعات عبد الرحمان یوسف عمر نے کہا کہ ملک ایک بہادر آدمی سے محروم ہو گیا۔

واضح رہے کی الشباب ملک میں فوج، پولیس، سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر بم دھماکوں میں ملوث رہی ہے اور یہ جنگجو زیادہ تر دور دراز علاقوں میں اپنے ٹھکانوں سے نکل کر دارالحکومت پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں