یو اے ای پیدل چلنے والوں کیلیے محفوظ ترین ملک قرار

ویب ڈیسک  اتوار 21 نومبر 2021
متحدہ عرب امارات امن و امان کے انڈیکس میں بھی دوسرے نمبر پر ہے، فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات امن و امان کے انڈیکس میں بھی دوسرے نمبر پر ہے، فوٹو: فائل

ابوظہبی: رائے عامہ کو جمع کرنے والی عالمی شہرت یافتہ سروے کمپنی ’’گیلپ‘‘ نے متحدہ عرب امارات کو رات میں پیدل چلنے والوں کے لیے سب سے محفوظ ملک قرار دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گیلپ نے گلوبل لا اینڈ آرڈر 2021 کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کو رات گئے پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات امن و امان کی اعلیٰ ترین انڈیکس میں بھی دوسرے نمبر پر ہے۔ اس طرح امن و امان اور پیدل چلنے کیلیے محفوظ ممالک کی فہرست میں شامل واحد اسلامی ملک بھی ہے۔

پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ ممالک کے اشاریے میں متحدہ عرب امارات کا اسکور سب سے زیادہ یعنی 95 فی صد رہا جب کہ 93 فیصد اسکور کے ساتھ  ناروے دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

امارات نائب صدر شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے اپنی ٹویٹ میں گیلپ سروے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عورت دن یا رات کے کسی بھی گھنٹے میں بلا خوف وخطر کسی جگہ اکیلی گھوم پھر سکتی ہے تو جان لیں کہ وہ امارات میں ہے۔

گیلپ کے امن وامان انڈیکس میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے والے سرفہرست پانچ ممالک میں ناروے، متحدہ عرب امارات، چین، سوئٹزرلینڈ اور فن لینڈ شامل ہیں۔

اسی طرح رپورٹ تنہا چلنے والے افراد کے لیے پانچ محفوظ ترین ممالک میں بالترتیب متحدہ عرب امارات، ناروے، چین، سلووینیا اور تائیوان شامل ہیں۔

یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ رواں برس اکتوبر میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی نے بھی ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں متحدہ عرب امارات کو خواتین، امن اور سلامتی کے انڈیکس 2021 میں بھی سرفہرست تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔