ویمنزکوالیفائر؛ پاکستان ٹیم فاتحانہ آغاز سے محروم

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 نومبر 2021
بنگلادیش نے 3 وکٹ سے کامیابی سمیٹ لی، ندا ڈار کی ففٹی رائیگاں۔ فوٹو: فائل

بنگلادیش نے 3 وکٹ سے کامیابی سمیٹ لی، ندا ڈار کی ففٹی رائیگاں۔ فوٹو: فائل

کراچی: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستانی ٹیم فاتحانہ آغاز نہیں کرسکی جب کہ بنگال ٹائیگرز نے مقابلہ 3 وکٹ سے جیت لیا۔

قومی ٹیم نے پہلے کھیل کر 7 وکٹ پر 201 رنز جوڑے، ندا ڈار 111 گیندوں پر 87 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے، عالیہ ریاض نے 82 بالز پر 61 کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، انھوں نے 4 باؤنڈریز جڑیں اور 2 سکسر بھی لگائے، منبیہ علی 22 اور کپتان جویریہ خان 12 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

ناہیدہ اختر اور ریتو مونی نے 2،2 وکٹیں لیں، ٹائیگرز نے ہدف 49.4 اوورز میں 7 وکٹ کھوکر پالیا، رومانہ احمد 6 چوکوں کی مدد سے 44 بالز پر 50 رنز ناٹ آؤٹ بنانے میں کامیاب رہیں،فرغانہ حق 45 رنز بناکر پویلین رخصت ہوئیں، ریتو مونی نے 5 باؤنڈریز کی مدد سے 37 گیندوں پر 33 رنز بنائے، سلمہ خاتون 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

شمیم اختر 31 رنز بناکر پویلین واپس ہوئیں،  نشرح سندھو نے 24 رنز دیکر 2 پلیئرز کو میدان بدر کیا، عمیمہ سہیل نے 44 رنز کے بدلے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انعم امین نے 30 رنز دیکر ایک وکٹ اپنے نام کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔