یہ عمارتیں ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کریں گی!

ویب ڈیسک  منگل 23 نومبر 2021
’’اربن سیکوئیا‘‘ نامی یہ منصوبہ ہزاروں افراد کو رہائش فراہم کرنے کے علاوہ 1,000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی جذب کرے گا۔ (فوٹو: ایس او ایم)

’’اربن سیکوئیا‘‘ نامی یہ منصوبہ ہزاروں افراد کو رہائش فراہم کرنے کے علاوہ 1,000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی جذب کرے گا۔ (فوٹو: ایس او ایم)

کیلیفورنیا: ایک امریکی کمپنی نے ایسی ماحول دوست عمارتوں کا ڈیزائن پیش کیا ہے جو ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے فضائی آلودگی کم کریں گی۔

’’اسکڈمور، اوئنگ اینڈ میرل‘‘ (ایس او ایم) نامی تعمیراتی ادارے نے اپنے اس منصوبے کو ’’اربن سیکوئیا‘‘ کا نام دیا ہے۔

سیکوئیا دراصل کیلیفورنیا میں ریڈووڈ قسم کے ایک بہت بڑے درخت کا نام ہے جس کی مناسبت سے اس منصوبے کا یہ نام رکھا گیا ہے۔

یہ وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی اونچی اونچی عمارتوں کا منصوبہ ہے جنہیں ایک خاص انداز میں، اس طرح تعمیر کیا جائے گا کہ وہ لوگوں کو رہائش فراہم کرنے کے علاوہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے والے ٹاوروں کا کام بھی کریں گی۔

ایسی ہر عمارت میں ویسے تو ہر منزل پر پودے رکھے جائیں گے لیکن ساتھ ہی ساتھ چند منزلوں کے بعد ایک منزل چھوٹی جسامت والے درختوں کےلیے وقف ہوگی۔

علاوہ ازیں ہر دو منزلوں کے درمیان خاص جگہ رکھی جائیں گی جس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب ہو کر فلٹریشن سسٹم سے گزرے گی اور خاص پائپوں سے ہوتی ہوئی درختوں اور پودوں والے حصے تک پہنچا دی جائے گی۔

’’ایس او ایم‘‘ کے مطابق، یہ منصوبہ ہزاروں افراد کو رہائش فراہم کرنے کے علاوہ پورے سال میں 1,000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی جذب کرسکے گا۔

یہ لگ بھگ اتنی ہی کاربن ڈائی آکسائیڈ ہے کہ جتنی 48,500 درخت مجموعی طور پر ایک سال میں جذب کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں 40 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج تعمیراتی صنعتوں سے ہوتا ہے جسے کم کرنے کےلیے کئی طرح سے کوششیں جاری ہیں۔

’’اربن سیکوئیا‘‘ کا منصوبہ بھی انہی کوششوں میں سے ایک ہے جس کا مقصد نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ختم کرنا ہے بلکہ اس اہم گرین ہاؤس گیس میں کمی کرنا بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔