رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا، وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک  منگل 23 نومبر 2021
اتنے قرضے لینے کے بعد بھی پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنا، وزیراعظم عمران خان

اتنے قرضے لینے کے بعد بھی پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنا، وزیراعظم عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک کوچلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے،  پاکستان میں لوگ زکوات اور خیرات تو بہت دیتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے جب کہ ہمیں ملک چلانے کے لیے ٹیکس کا پیسہ چاہیے، ماضی میں ہمارے ملک میں کوئی ٹیکس کلچر ہی نہیں بنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں لوگ ٹیکس چوری کرنا نیک کام سمجھتے تھے، مقروض ملکوں کے حکمرانوں نے کیسے کیسے خرچے کیے اس کے بارے میں کیا بتاؤں، سابق حکمرانوں نے بیرون ملک دوروں پربہت زیادہ پیسے خرچ کیے، 6 ٹریلین قرضہ تھا 10 سال  میں 30 ٹریلین قرضہ ہوگیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتنے قرضے لینے کے بعد بھی ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا، قرض لینے والوں کو سزائیں ہونی چاہئیں جب کہ ملک میں ٹیکس کلچر بڑھانے کی ضرورت ہے اور رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا، ریونیو کے حصول میں ایف بی آر کا بہت بڑا کردار ہے، ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔