ٹویٹر نے اکاؤنٹس کا جامع تجزیاتی کارڈ پیش کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 نومبر 2021
ٹویٹر نے ٹویٹس سے وابستہ تمام معلومات کو ایک ہی جگہ ظاہر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹویٹر نے ٹویٹس سے وابستہ تمام معلومات کو ایک ہی جگہ ظاہر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

سان فرانسسكو: ٹویٹر نے ایک اہم قدم کے طور پر تمام ٹویٹس اور اس سے وابستہ تمام ڈیٹا کو ایک ہی کارڈ پر گوگل اینے لیٹکس کے طور پر پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے ٹویٹر کو ایک ہی جگہ تمام ضروری معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

اب اینیلیٹکس ڈسپلے میں ری ٹویٹس، جوابات، لائکس، اور ان کی رسائی کو ایک ہی جگہ بہت سادہ انداز میں دیکھا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ فون اور ٹویٹس کے لیے ڈسپلے تھوڑتے مختلف ہوسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ آپ یہ بھی جان سکیں گے کہ پروفائل پر کس نے کلک کیا ہے ۔ بس اس کے لیے ’ویو انگیجمنٹ‘ بٹن کو چھونا ہوگا۔ تاہم اس زبردست سہولت کی بدولت آپ اپنے اکاؤنٹ کو گہرائی میں جان سکیں گے۔ اس سے قبل ٹویٹر تجزیاتی ڈیٹا حاصل کرنا آسان نہ تھا۔ اسی وجہ سے ٹویٹر تجزیاتی ٹول دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے بہت پیچھے تھے۔

لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ سروس مفت ہوگی یا اس کی کوئی قیمت بھی دینا ہوگی۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ بلیوٹک (نشان) والے اکاؤنٹس کے لیے یہ بلامعاوضہ نہ ہوگا۔ یا پھر تجارتی کمپنیوں کے لئے اس کی قیمت رکھی جاسکتی ہے۔ لیکن یاد رہے کہ ٹویٹر نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید جائزہ والے آپشن ضرور پیش کرے گا لیکن اب تک تجزیاتی کارڈ کی تفصیلات نہیں دی گئی ہے۔ تاہم امکان ہے کہ دسمبر کے وسط تک یہ ٹول سامنے آجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔